نااہل لوگوں کوملکی سیاست پرمسلط کرنے کی کوششوں سے خوفناک بحران آنیوالا ہے ،نوابزادہ لشکررئیسانی

  • June 9, 2018, 10:36 pm
  • National News
  • 110 Views

کوئٹہ (آن لائن ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے غیر سیاسی قوتوں نے ملکی تاریخ سے سبق سیکھا نہ ملک کے حکمرانوں نے عبرت حاصل کی ہے ۔مراعات کے دفا ع کیلئے ملک میں جعلی انتخابات کے ذریعے نااہل لوگوں کوملکی سیاست پرمسلط کرنے کی کوششوں سے خوفناک بحران آنیوالا ہے ملک کو درپیش بحرانوں کی ذمہ دار وہ قوتیں ہیں جنہوں نے ہر انتخابات میں اپنی غلط پالیسیوں کے ذریعے خاندانوں ،قبیلوں اور برادر اقوام میں تنازعات کھڑے کرکے نااہل لوگوں کو پارلیمنٹ تک رسائی دی ہے بلوچستان میں فرقہ واریت نہیں دہشت گردی ہے بلوچ اورپشتون کے تنازعہ کو ہوادینے والے قومی مجرم ہیں۔ صوبے میں سینٹ کے جعلی انتخابات کرانے اورشارٹ کٹ سے اسمبلی تک پہنچنے کیلئے نئی صف بندی کرنے والوں کی مذمت پیسے کو بنیاد بناکر سینٹ میں بیٹھے لوگوں سے نفرت کا اظہارکرتا ہوں۔بین الاقوامی قوتیں شہر میں اپنا کھیل کھیل رہی ہیں چین پر گوادر کو فروخت کردیا گیا ہے ایسے میں اپنے مذہبی عقائد قومی روایات ، تاریخ کا دفاع کرنے کیلئے ہمیں شانہ بشانہ جدوجہد کرنی ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی بی 27 اور این اے 265 کے مری آباد میں قائم دفتر کے افتتاح اورمشرقی بائی پاس پر ڈاکٹر مقبول لانگو کی قیادت میں نواب خان مری، حاجی عبدالستارلانگو،صادق بنگلزئی،ملک خدابخش سنجرانی کی ساتھیوں سمیت بلوچستان نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماعات سے پارٹی رہنماؤں شکیلہ نوید دہوار،اختر شاہ ، سید ناصر علی شاہ،ابراہم ہزارہ مبارک ہزارہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرجمیلہ بلوچ، ریحانہ جالب بھی موجود تھیں۔ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی کا مزید کہنا تھا کہ 70 سالوں سے کرپٹ سیاستدانوں کے ساتھ ملکر ملک کو لوٹنے والی قوتوں کی وجہ سے پاکستان بین الااقوامی ممالک سے لی گئی رقم پر سود تو اپنی جگہ رقم کا نصف حصہ بھی واپس کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی دورائے نہیں کہ کرپٹ اور نااہل لوگوں کو اس ملک پر مسلط کرکے جنہوں نے ملک کے مسائل کو بحرانوں میں تبدیل کیا وہ قوتیں اپنی کارستانیوں پر عوام کو جواب دینے سے انکاری ہیں یہ قوتیں ملک کو درپیش بحرانوں پر تاریخ کو اپنے کردار کے حوالے سے ضرور جواب دیں گے اور تاریخ ان سے عبرت حاصل کریگی انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کو چار سے پانچ ٹکڑوں میں تقسیم کرکے شہر کے اندر قدم قدم پررکاوٹیں کھڑی کرکے ہزارہ اور نان ہزار کینٹ اور سولین کے درمیان تفریق پیدا کی گئی ہے شہر میں لوگ پانی کیلئے بلبلا اٹھے ہیں سریاب میں بنیادی سہولیات ناپید ہیں ان مسائل اور بحرانوں اور تفرقہ کے خاتمے کیلئے عوام کو اپنے ووٹ کی طاقت کو محسوس کرنا ہوگا جمہوری قوتوں کے یکجا ہونے سے آج جرمنی ایک طاقت بن چکی ہے اور وہاں آج دس لاکھ مسلم پناہ گزین مقیم ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام 25 جولائی کو ہونے والی سیاسی مذاحمت کیلئے خود کو تیار رکھیں تاکہ ٹھیکیداری کی نیت سے سیاست کرنے والوں کو شکست دیکر تفرقہ منافقت اور قومی تعصب کاخاتمہ کیا جاسکے اور عوام کی بدحالی کے ذمہ دار ان قوتوں کو یہ پیغام جائے کہ ہم حصول حقوق کیلئے متحد ہوچکے ہیں۔