ن لیگ کا بلوچستان کیلئے امیدواروں کا اعلان،36میں سے 13ٹکٹس5شخصیات میں تقسیم

  • June 28, 2018, 4:50 pm
  • National News
  • 355 Views

مسلم لیگ ن نے بلوچستان سے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان کردیا۔قومی اسمبلی کے 16میں سے 12 حلقوں جبکہ بلوچستان اسمبلی کے 51 حلقوں میں صرف 24 پر امیدواروں کوٹکٹ جاری کئے گئے ہیں ۔ گزشتہ عام انتخابات میں صوبے کی دوسری سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آنے والی پارٹی نے 31 قومی و صوبائی حلقوں پر امیدوار ہی کھڑے نہیں کئے۔ پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ جن نشستوں پر امیدوار سامنے نہیں لائے گئے ان پر دیگر جماعتوں کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔
مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے لاہور میں گزشتہ روز پارٹی کے صوبائی عہدےداروں کے ساتھ ملاقات میں ٹکٹ کی تقسیم کو حتمی شکل دی جس کے بعد بدھ کو ٹکٹس کا اعلان کیا گیا ۔ مسلم لیگ ن کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کو قومی و صوبائی اسمبلی کے چار، سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ کو قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے تین ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں ۔
سردار یعقوب ناصر، راحیلہ حمید درانی اور یونس بلوچ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ایک ایک حلقے پر انتخابات میں ن لیگ کے ٹکٹ پر حصہ لیں گے۔مسلم لیگ ن کے نائب صدر سردار یعقوب ناصر کو قومی اور صوبائی اسمبلی کے دو جبکہ ان کے دو بیٹوں کو بھی کوئٹہ اور لورالائی سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر پارٹی ٹکٹ دیئے گئے ہیں۔ یعنی 15 ٹکٹس صرف پانچ شخصیات اور ان کے خاندان والوں میں تقسیم کئے گئے ہیں ۔
قومی اسمبلی کے حلقوں پر امیدوار
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258 لورالائی، موسیٰ خیل، زیارت، دکی ،ہرنائی پر سابق وفاقی وزیر سردار یعقوب خان ناصر،این اے 261 جعفرآباد پر محمد حسین گولہ، این اے 262 پشین پر سید عبدالظاہر آغا،این اے 263 قلعہ عبداللہ پر عبدالولی اچکزئی، این اے 264 کوئٹہ کچلاک پنجپائی پر امیر افضل مندوخیل ،این اے 265 کوئٹہ سٹی پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی، این اے 266 کوئٹہ سریاب پر ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس کو ٹکٹ جاری کیاگیا ہے۔
این اے 267 مستونگ کم قلات کم سوراب پر سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری ، این اے 268چاغی کم نوشکی کم خاران پر جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ، این اے 269 خضدار پر نواب ثناء اللہ زہری ، این اے 270 پنجگور کم واشک کم آواران پر عبدالقادر بلوچ اور این اے 271 کیچ (تربت) پر عطاء اللہ محمد زئی مسلم لیگ ن کے امیدوار ہوں گے۔این اے 257 قلعہ سیف اللہ، ژوب ،شیرانی ،این اے 259 ڈیرہ بگٹی ، کوہلو، بارکھان، سبی ،لہڑی، این اے 260 نصیرآباد ، کچھی ، جھل مگسی ،این اے 272 لسبیلہ کم گوادر پر امیدواروں کا اعلان نہیں کیاگیا۔ پارٹی ترجمان کے مطابق ان حلقوں پر دیگر جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔
بلوچستان اسمبلی کے حلقوں پر امیدوار
پی بی ون موسیٰ خیل کم شیرانی پر جلیل موسیٰ خیل، پی بی 2 ژوب پر سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی جمال شاہ کاکڑ،پی بی 4 لورالائی پر سردار یعقوب ناصر کے بیٹے سردار زادہ محمد ایوب ناصر، پی بی 5 دکی پر سرداریعقوب خان ناصر،پی بی 12 نصیرآباد تمبو بابا کوٹ پر سابق ایم پی اے کشور احمد جتک، پی بی 15 صحبت پور پر اقبال عباسی، پی بی 18 پشین برشور کاریزات بوستان پر میر وائس خان کاکڑ، پی بی 19 پشین سٹی پر سعداللہ ترین، پی بی 20 پشین حرمزئی سرانان پر عتیق الرحمان مسلم لیگ ن کے امیدوار ہوں گے۔
پی بی 23 قلعہ عبداللہ پر عبدالمنان خان درانی، پی بی 24 کوئٹہ کچلاک پنجپائی پر سردار زادہ نعمان ناصر، پی بی 25 نواں کلی خیزی پر امیر افضل خان مندوخیل، پی بی 27 کوئٹہ پشتون آباد مری آباد پر ہمایوں رشید خان الکوزئی، پی بی 28 کوئٹہ سٹی پر نسیم الرحمان، پی بی 29 کلی اسماعیل ،جیل روڈ،ہدہ،جائنٹ روڈ ،سیٹلائٹ ٹاؤن پر اسپیکر راحیلہ حمیدخان درانی کوٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔اسی طرح پی بی 30 سبزل روڈ قمبرانی برما ہوٹل پرڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ ، پی بی 33 نوشکی پر عبدالرؤف مندانی اور پی بی 36 شہید سکندر آباد سوراب پر نواب ثناء اللہ زہری امیدوار ہوں گے۔ پی بی 37قلات میر ببرک زہری، پی بی 38 زہری مولہ کرخ پر نواب ثناء اللہ زہری ،پی بی 39 خضدر سٹی پر میر عبدالرحمان زہری کوٹکٹ ملا ہے۔ پی بی 42 خاران پر جنرل ریٹائرڈ عبدلقادر بلوچ، پی بی 44 آواران کم پنجگور پر محمد اشرف اور پی بی 45 کیچ بلیدہ ہوشاب زاعمران پر نواب شمبے زئی پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔
بلوچستان اسمبلی کے 27 حلقوں پر کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا گیا۔ان پر باقی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔ ان حلقوں میں پی بی 3 قلعہ سیف اللہ، پی بی 6 زیارت کم ہرنائی، پی بی 7 سبی کم لہڑی، پی بی 8 بارکھان، پی بی 9 کوہلو، پی بی 10 ڈیرہ بگٹی اور پی بی 11 نصیرآباد ڈیرہ مراد جمالی ، پی بی 13ڈیرہ اللہ یار، پی بی 14اوستہ محمد، پی بی 17کچھی، پی بی 21قلعہ عبداللہ، پی بی 22 قلعہ عبداللہ، پی بی 26 ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ، پی بی 31 سریاب موسیٰ کالونی کوئٹہ ، پی بی 32 کسٹم،میاں غنڈی ہنہ اوڑک کوئٹہ، پی بی 34 چاغی، پی بی 35مستونگ، پی بی 40خضدار وڈھ، پی بی 41واشک، پی بی 43پنجگور، پی بی 46تربت سٹی، پی بی 47 دشت مند، پی بی 48 تمپ ناصرآباد، پی بی 49حب، پی بی 50 لسبیلہ اور پی بی 51 گوادرشامل ہیں۔