ہمیں اس شہر کو ماضی کا لٹل پیرس بنانے کیلئے وہ تمام ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے

  • June 23, 2018, 9:36 pm
  • National News
  • 105 Views

کوئٹہ 23جون ۔ صوبائی وزیر داخلہ قبائلی امور و جیل خانہ جات آغا عمر بنگلزئی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر ہم سب کا گھر ہے اور صوبائی دارالحکومت ہونے کی وجہ سے اس شہر کی اہمیت اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے لہٰذا ہمیں اس شہر کو ماضی کا لٹل پیرس بنانے کیلئے وہ تمام ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس شہر کا روایتی حسن برقرار رہ سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی ودیگر مسائل جن میں سر فہرست صفائی اور پینے کے صاف پانی کی دستیابی ہے لہٰذا اس ضمن میں متعلقہ تمام سرکاری ادارے اپنے اپنے کام کو تندہی اور ایمانداری سے انجام دیں تو کوئی وجہ نہیں کہ کوئٹہ شہر کے مسائل میں کمی نہ آسکے ۔ صفائی کی صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ میئر پولیٹن کارپوریشن سمیت اگر عوام صفائی کے مقدس فلسفے کو سمجھتے ہوئے اپنے ار دگرد صفائی کا خاص خیال رکھیں تو بڑی حد تک اس پیچیدہ صورتحال پر قابو پایا جاسکے گا ۔ میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ نے کارپوریشن کی جانب سے کئے جانے والے مختلف اقدامات اور مسائل جن میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جانا شامل ہے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا اور وزیر داخلہ آغا محمد عمر بنگلزئی نے اپنے محکمے کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کر ائی ۔