ووٹ کے درست استعمال کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ عوام میں حق رائے دہی کے حوالے سے شعو ر اور آگاہی کو فروغ دیا جائے

  • June 23, 2018, 9:35 pm
  • National News
  • 80 Views

کوئٹہ 23جون ۔ نگران وزیر اطلاعات بلوچستان ملک خرم شہزاد نے پی ٹی وی کوئٹہ مرکز کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر جنرل مینیجر کوئٹہ سینٹر عطا اللہ بلوچ سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کے درست استعمال کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ عوام میں حق رائے دہی کے حوالے سے شعو ر اور آگاہی کو فروغ دیا جائے۔ پی ٹی وی اس حوالے سے اپنے پروگراموں میں موثر کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن ا پنے پروگراموں میں جمہوری نظام میں ووٹ کے تقدس اہمیت اور حق رائے دہی کی اہمیت کو اجاگر کرے تاکہ آئندہ عام انتخابات میں عوام کے حقیقی نمائندوں کے چناؤ کو یقینی بنایاجاسکے۔ وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ بروقت اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد نگران حکومت کی بنیادی زمہ داری ہے۔ہماری بھرپور کوشش ہے کہ مقررہ مدت میں اپنی زمہ داریوں کو احسن طریقے سے پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اپنی نشریات میں آرٹ، ڈرامہ اور لوک ورثہ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات کی رائے بھی الیکشن کے حوالے سے شامل کریں تاکہ لوگوں میں ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ شعور اور آگاہی کو فروغ ملے۔ ملاقات میں جی ایم پی ٹی وی نے ادارے کی کارکردگی اور پی ٹی وی بولان کی نشریات کے حوالے سے وزیر اطلاعات کو بریف کیا۔ ملاقات میں سابق صوبائی وزیرڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی اور ڈی جی پبلک ریلیشنز بلوچستان شہزادہ فرحت احمد زئی بھی موجود تھے۔