تاجر کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں

  • June 23, 2018, 9:34 pm
  • National News
  • 210 Views

کوئٹہ 23ِِِجون۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ تاجر کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، تجارت کے فروغ اور تاجروں کو بہترین اور سازگارماحول اور مواقع فراہم کرنے سے ہی معیشت کو مضبوط بنایا جاسکتاہے، جلدبوستان اکنومک زون کا افتتاح کیا جائے گا جس سے صوبے میں تجارت اور صنعتکاری کو فروغ حاصل ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران صوبائی وزیر و چیئرپرسن خواتین چیمبر آف کامرس محترمہ فرزانہ احمد علی اور سابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں تجارت اور صنعتکاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت تاجر برادری کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور قلیل وقت میں جتنا ممکن ہوسکے ان کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج دنیا میں معیشت کی جنگ لڑی جارہی ہے جس ملک کی معیشت زیادہ مضبوط ہوگی وہ ملک سب پر حاوی ہوگا، سی پیک کی شکل میں تجارت، صنعتکاری اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہورہا ہے اور ہمیں سی پیک کے ثمرات سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تاجر کسی بھی ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں، گذشتہ حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بل پاس کیا تاکہ صوبے میں پرائیوٹ سیکٹر کو فروغ دیا جائے کیونکہ پرائیوٹ سیکٹر کے فروغ کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ وزیراعلیٰ نے تاجر برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ صنعتکاری کریں اور ہمسایہ ممالک بالخصوص افغانستان جوایک لینڈ لاک ملک ہے سے روابط مضبوط کریں جس سے کثیر زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کے پاس وسائل محدود ہیں اور ہمیں صوبے میں تجارت کے فروغ کے علاوہ ملکی اور بیرونی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ صوبے میں آئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت جلد صوبے میں بینکنگ کانفرنس منعقد کرے گی جس کا مقصد بینکوں کو صوبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا ہے جبکہ بلوچستان بینک کا قیام بھی ممکن بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس کو ایکسپورٹ ٹریننگ اور ڈسپلے سینٹر کے لئے 30ایکڑ زمین فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان تجارتی مرکز بننے جارہا ہے لیکن تاحال یہاں ایکسپو سینٹر کا قیام عمل میں نہیں لایا گیا۔ وزیراعلیٰ نے صنعتکاروں اور تاجروں پر زور دیا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ وہ بھی تکنیکی سینٹرز کے قیام میں حصہ ڈالیں تاکہ صوبے میں زیادہ سے زیادہ ہنرمندافراد پیدا کئے جاسکیں جبکہ حکومت چینی زبان سیکھنے کے لئے صوبے کے طلبا وطالبات کورسز کے لئے چین بھجوارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر ، کلیکٹرکسٹم اور وفاقی حکومت پر متعلقہ مسائل کے حل کے لئے زور دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے باقی شہروں میں چیمبر آف کامرس کے قیام کے سلسلے میں کوئٹہ چیمبر آف کامرس کو اپنی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے تاجروں اور صنعتکاروں کے فرداً فرداً مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی جس پر تاجروں اور صنعتکاروں نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ بعدازاں کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر ایوب خلجی نے وزیراعلیٰ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔قبل ازیں جب وزیراعلیٰ کوئٹہ چیمبر آف کامرس پہنچے تو چیمبر کے پیٹرن انیچیف غلام فاروق، سینئر نائب صدر ایوب خلجی اور دیگر اراکین نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔