کوئٹہ:سریاب روڈ پر ڈکیتی،شہری زخمی، ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

  • June 17, 2018, 6:28 pm
  • Breaking News
  • 191 Views

کوئٹہ کے علاقے سریاب میں ایف سی اہلکاروں نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ڈاکو کے دو ساتھی ایک شہری کو زخمی کرنے کے بعد موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کی دوپہر سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے مرکزی دروازے کے سامنے پیش آیاجہاں تین موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے امیر بخش ولد واحد بخش نامی شہری موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ امیر بخش کے ہمراہ موٹرسائیکل پر اس کا دوست انیس الرحمان بھی تھا۔ مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے امیر بخش کو زخمی کردیا ۔
فائرنگ کی آواز سنتے ہی بلوچستان یونیورسٹی کی سیکورٹی پر تعینات ایف سی اہلکار موقع پر پہنچے ۔ اس دوران ڈاکوؤں اور ایف سی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک ڈاکو زخمی ہوا ۔ایف سی اہلکاروں نے زخمی ڈاکو کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے پستول برآمد کرلیا ہے۔ باقی دو ڈاکو شہری کی چھینی گئی موٹر سائیکل سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔


پولیس اور ایف سی نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ زخمی شہری اور ڈاکو کو طبی امداد کیلئے ایف سی ہسپتال منتقل کردیاگیاہے۔زخمی امیر شہری امیر بخش کو پاؤں میں گولی لگی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ ایف سی نے اب تک گرفتار ڈاکو کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔