27 رمضان المبارک کو شب قدر عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

  • June 11, 2018, 10:30 pm
  • National News
  • 144 Views

27 رمضان المبارک کو شب قدر عقیدت و احترام سے منائی جائیگی
حب ( این این آئی) 27 رمضان المبارک کو شب قدر عقیدت و احترام سے منائی جائیگی ، ماہِ رمضان المبارک کی ستائیسویں شب’’ شب قدر‘‘ کی عظمت و فضیلت اور اہمیت امت مسلمہ میں ہمیشہ سے مسلم رہی ہے ، یہ رات گناہ گاروں کی مغفرت اور مجرموں کی جہنم سے نجات کی رات ہے ، یہ رات عبادت و ریاضت، تسبیح و تلاوت، درود شریف کی کثرت، توبہ استغفار، کثرتِ نوافل، صدقات و خیرات، عجز و نیاز مندی اور مراقبہ و احتساب عمل کی رات ہے ، اوتھل میں شب قدر 27 رمضان المبارک کو منائی جائے گی ، جامع مسجد نورانی اوتھل میں ختم القرآن 27 رمضان المبارک کو ہوگا ، 26 رمضان المبارک کے روزے کی افطاری سے 27 رمضان المبارک کی سحری تک پروگرام جاری رہے گا ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جامع مسجد نورانی اوتھل کے امام و خطیب ممتاز عالم دین علامہ قاضی شفیع محمد اویسی نے کہا کہ انشاء اللہ ختم القرآن 27 رمضان المبارک کو کیا جائیگا ، تراویح نماز میں ختم قرآن شریف کے بعد جلسہ عام کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں علماء کرام نزول قرآن پاک اور لیلتہ القدر کے حوالے سے خطاب فرمائیں گے ، جبکہ رات 1 بجے صلوٰۃ التسبیح ادا کی جائیگی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا ہوگی جبکہ 27 رمضان المبارک کے روزے کی سحری کے حوالے سے لنگر عام فی سبیل اللہ کا بندوبست بھی کیا گیا ہے انہوں نے اس بابربرکت رات کے حوالے سے کہا کہ اس رات کو ’’ شب قدر‘‘ ا س لیے کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اس رات میں ایک بڑی قدرومنزلت والی کتاب، بڑی قدر و منزلت والے رسول اللہ پر اور بڑی قدر و منزلت والی امت کے لیے نازل فرمائی اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ چوں کہ اس شب میں اعمالِ صالحہ مقبول ہوتے ہیں اور بارگاہِ رب العزت میں ان کی بڑی قدر کی جاتی ہے، اس لیے اس شب کو ’’شبِ قدر‘‘ کہتے ہیں ،اللہ تعالیٰ کا یہ بہت ہی بڑا انعام ہے کہ اس نے نبی اکرم کی امت کو شبِ قدر کی صورت میں ایک بہت عظیم اور بے پایاں نعمت عطا فرمائی ہے ، لیلتہ القدر کی عظمت و فضیلت کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ اس کی قدر و منزلت میں قرآنِ مجید کی ایک پوری سورۃ ’’سورۃالقدر‘‘ کے نام سے نازل کی گئی ہے۔ ارشاد فرمایا ہے ’’ بے شک ہم نے اس (قرآن) کو شب قدر میں اتارا ہے اور آپ نے کیا جانا کہ شب قدر کیا ہے؟ شب قدر! ہزار مہینوں سے بہتر (رات) ہے۔ اس (رات) میں فرشتے اور روح (یعنی جبرائیل امین) اپنے پروردگار کے حکم سے ہر امر (خیر) کے لیے اترتے ہیں، یہ (رات) طلوع فجر ہونے تک سراسر سلامتی ہے۔‘‘ القدر ، ہمیں چاہئے کہ اس بابرکت رات میں اللہ رب العزت کی عبادت کریں ، اور تمام مسلمان بھائیوں کو جامع مسجد نورانی اوتھل میں منعقد کئے جانے والے پروگرام میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے زیادہ سے زیادہ شرکت فرما کر ثواب دارین حاصل کریں۔