سرکاری ملازمتوں پر پابندی سے متعلق ہائی کورٹ کا حکم معطل

  • May 12, 2018, 3:59 pm
  • National News
  • 549 Views

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری ملازمتوں پر پابندی سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم معطل کر دیا، اورنئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر پابندی عائد کرتے ہوئے زیر التوا منصوبے مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری ملازمتوں پر پابندی سے متعلق سماعت کی جس میں الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک عدالت میں پیش ہوئے۔

الیکشن کمیشن سندھ نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے پابندی عائد کی۔ ترقیاتی فنڈز اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر بھی پابندی عائد کی۔ ہائی کورٹ نے بھی پابندی کا حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے جو کام زیر التوا ہیں اسے کیسے روکا جاسکتا ہے؟ ۔ الیکشن کمشنر سندھ نے بتایا کہ کہیں ڈاکٹر یا کسی اور عملے کی ضرورت ہو تو اسے الیکشن کمیشن اجازت دے دیتا ہے۔

عدالت نے نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر پابندی عائد کرنے اور زیر التوا منصوبے مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم بھی معطل کردیا۔