فیس بک نے ’کلیئر ہسٹری‘ ٹول متعارف کرادیا

  • May 1, 2018, 12:23 am
  • Science & Technology News
  • 259 Views

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے صارفین کو اپنا ڈیٹا محفوظ بنانے کیلئے مزید آپشنز دینے کا اعلان کردیا۔

مارک زکربرگ نے فیس بک میں’کلیئر ہسٹری‘ کا ٹول متعارف کرادیا جس کی مدد سے صارفین فیس بک سے اپنا پرانا ڈیٹا باآسانی حذف کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ فیس بک کی سالانہ ایف 8 ڈویلپرز کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے جس میں کلیئر ہسٹری ٹول سمیت دیگر نئے فیچرز متعارف کرانے کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔

مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ جب ڈیٹا لیک اسکینڈل کے حوالے سے وہ امریکی کانگریس کے سامنے پیش ہوئے تو بہت سے ایسے سوالات ان کے سامنے آئے جن کے جواب ان کے پاس موجود نہیں تھے۔

کانفرنس سے خطاب میں زکربرگ نے کہا کہ اس کے بعد میں نے فیصلہ کیا تھا کہ صارفین کو ان کے ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے مزید ٹولز متعارف کراؤں گا۔

کلیئر ہسٹری ٹول صارفین کو اس بات کی اجازت دے گا کہ وہ اس ڈیٹا کو حذف کرسکیں جو فیس بک کے سرورز پر محفوظ ہوتا ہے۔ جس طرح انٹرنیٹ براؤزر پر کلیئر کوکیز اور کلیئر براؤزنگ ہسٹری کا آپشن ہوتا ہے اسی طرح فیس بک بھی صارفین کو آپشن دے گا کہ وہ فیس بک کے سسٹم سے ان کا تمام سابقہ ریکارڈ حذف کرسکیں۔

مارک زکربرگ کے مطابق جب اس ٹول کے ذریعے صارفین کو وہ معلومات نظر آنا شروع ہوجائیں گی کہ ماضی میں انہوں نے فیس بک کے ذریعے کن کن ایپس اور ویب سائٹس کو استعمال کیا ہے اور پھر وہ اس ساری ہسٹری کو ڈیلیٹ بھی کرسکیں گے۔

صارفین کو یہ آپشن بھی حاصل ہوگا کہ فیس بک کا سسٹم ان کی اس طرح کی معلومات مستقبل میں اپنے پاس محفوظ نہ کرے۔

اس کے علاوہ مارک زکربرگ نے جلد ہی فیس بک میں ایک اور فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا جس کا نام ’ڈیٹنگ‘ ہوگا۔

مارک زکربرگ کے مطابق چونکہ فیس بک کا بنیادی مقصد ہی سماجی رابطوں میں اضافہ ہے لہٰذا ڈیٹنگ فیچر کمپنی کے لیے نہایت ضروی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیس بک پر تقریباً 20 کروڑ لوگ ایسے ہیں جن کی ازدواجی حیثیت غیرشادی شدہ ہے لہٰذا واضح طور پر انہیں کسی نہ کسی کی تلاش ہے اور ڈیٹنگ فیچر ان کی مدد کرے گا۔

فیس بک بانی کی جانب سے ڈیٹنگ فیچر معتارف کرانے کے اعلان کے بعد دیگر ڈیٹنگ ایپس جیسے ’ٹنڈر‘ کے شیئرز میں 18 فیصد اور ’میچ‘ کے شیئرز میں 14 فیصد کمی واقع ہوئی۔