ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اندرونی علاقوں میں بھی شب برا ت مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی

  • May 1, 2018, 11:56 pm
  • National News
  • 216 Views

ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اندرونی علاقوں میں بھی شب برا ت مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی
کوئٹہ(این این آئی)ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اندرونی علاقوں میں بھی شب برا ت مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی ،شہر بھر کی مساجد میں نماز عشاء کے اجتماعی عبادات،شب بیداری، درود و سلام،صلوا التسبیح،ذکر و اذکار کی محفلوں،قصیدہ بردہ شریف،اور خصوصی نوافل اد اکیے گئے ،عبادت گزارو ں نے ملکی سلامتی و ترقی، امن و استحکام ، اور امت مسلمہ کی سربلند ی کے لیے خصوصی دعا ئیں مانگیں اور پروردگار کے حضور سر بسجود ہو کر گڑ گڑا کر استغفار کیااور رزق میں کشادگی کی دعائیں مانگیں جبکہ علماکرام نے شب برات کے فضائل بیان کیے ۔صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں مقامی انتظامیہ نے شب برات کے موقع پر امن وامان کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے خاص کر مساجد ،امام بارگاہوں ودیگر علاقوں میں ایف سی ،پولیس اور سادہ کپڑوں میں پولیس تعینات کی گئی اور خفیہ کیمروں سے خاص طورپر حساس علاقوں کی نگرانی کی جارہی تھی،صبح سے ہی رات گئے تک ایف سی اور پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا تھا ،اس موقع پر شہریوں کی کثیر تعداد نے اپنے مرحومین کی ارواح کے ایصال ثواب کے لیے قبرستانوں اور بزر گاردین کے مزارات کا رخ کیا۔اپنے پیاروں کی قبروں پر پانی ڈالا، پھول چڑھائے او ر فاتحہ خوانی کی۔قبرستانوں کے باہرزائرین کی رہنمائی کے لیے مذہبی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ٹھنڈے پانی کی سبیلیں ا ور استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے۔ اس کے علاوہ قبرستان کے باہر گلاب کے پھولوں کی پتیاں ،اگر بتی و موم بتی، عرق گلاب سمیت دیگر اشیاکی فروخت کے بھی اسٹالز قائم تھے۔مختلف قبرستانوں کے باہر گلاب کی پتیاں ڈیڑھ سو سے200روپے کلو ،اگر بتی کے پیکٹ20سے30روپے اور عرق گلاب کی بوتل30روپے میں فروخت کی گئی ۔شہریوں کی قبرستان آمد اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا،جبکہ شہر کی بڑی مساجدوں کوبرقی قمقوں کے ذریعے انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ۔