کوئٹہ ، یکے بعد دیگرے 3خود کش حملے،7پولیس اہلکار شہید10زخمی ،دو حملہ آور بھی مارے گئے

  • April 24, 2018, 9:39 pm
  • Breaking News
  • 319 Views

کوئٹہ ، یکے بعد دیگرے 3خود کش حملے،7پولیس اہلکار شہید10زخمی ،دو حملہ آور بھی مارے گئے

دہشتگردوں نے ایئر پورٹ روڈ پر پولیس کے ٹرک کو نشانہ بنایا،میاں غنڈی میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام ،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سے شاہد اکٹھے کر لئے،حملہ آوروں کے اعضاء ڈی این اے کیلئے ارسال،وزیر اعلیٰ نے تحقیقات کا حکم دیدیا،آئی جی سے رپورٹ طلب،صدر اور وزیر اعظم سمیت اہم شخصیات کی جانب سے واقعات کی مذمت

کوئٹہ (اے این این ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک گھنٹے کے دوران یکے بعد دیگرے تین خود کش حملوں میں 7پولیس اہلکار شہید10 زخمی ،دو حملہ آور بھی مارے گئے ،دہشتگردوں نے ایئر پورٹ روڈ پر پولیس کے ٹرک کو نشانہ بنایا،میاں غنڈی میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام ،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سے شاہد اکٹھے کر لئے،حملہ آوروں کے اعضاء ڈی این اے کیلئے ارسال،وزیر اعلیٰ نے تحقیقات کا حکم دے دیا،آئی جی سے رپورٹ طلب،صدر اور وزیر اعظم سمیت اہم شخصیات کی جانب سے واقعات کی مذمت۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امن کے دشمنوں نے آج ایک بار پھر بلوچستان کونشانہ بنایا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر میاں غنڈی کے علاقے میں دو خود کش بمباروں نے ایف سی کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں خود کش حملہ آور سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے اور اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تیسرا خود کش حملہ ائیرپورٹ روڈ پر ہوا جس میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں 7 پولیس اہلکار کریم بخش،علی نواز،رشید احمد،عبدالرشید،عبدالحمید وغیرہ شہید اور10 زخمی ہوئے،واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر مزید کارروائی شروع کردی ۔ زخمیوں کوبولان ہسپتال اور سی ایم ایچ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکے کے فوری سکیورٹی فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ جبکہ علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی بھی سخت کردی گئی ۔پولیس حکام کے مطابق تینوں دھماکوں کے شواہد اکھٹے کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔خود کش بمباروں کے اعضاء ڈی این اے کیلئے ارسال کر دئیے گئے ہیں ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔اس دوران صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت اہم شخصیات نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، صوبائی وزیر میرسرفراز بگٹی، مشیر برائے اطلاعات بلال خان کاکڑاور دیگر نے کوئٹہ میں خود کش دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے خود کش ددھماکے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت بھی پیش کیا انہوں نے کہاکہ پاکستان کے خلاف سازشوں کے تانے بانے افغانستان اور بھارت سے ملتے ہیں۔ فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔سینیٹر رحمان ملک نے بھی کوئٹہ میں خودکش حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بم دھماکے پاکستان کے خلاف گہری سازش کا تسلسل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سازشوں کے تانے بانے افغانستان اور بھارت سے ملتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔