پشتونخواملی عوامی پارٹی کی کوئٹہ دھماکوں کی مذمت

  • April 24, 2018, 9:38 pm
  • Breaking News
  • 186 Views

کوئٹہ (آئی این پی )پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں اےئرپورٹ روڈ پر خودکش دھماکے جس کے نتیجے میں 7پولیس اہلکاروں کی شہادت اور میاں غنڈی میں ایف سی چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونیوالوں اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اب بھی دہشتگردی کی اذیت ناک صورتحال مسلط ہے ہمارے عوام کی زندگی کے تمام شعبوں کے مراکز پر دہشتگردوں کے وحشیانہ حملے تواتر کے ساتھ جاری ہے ۔ یہ امر افسوسناک ہے کہ ضرب عضب ، رد الفساداور قومی ایکشن پلان کی کامیابیوں کے تمام دعووں کے باوجود دہشتگردوں کے تمام مراکز اوردہشتگردی کا تمام نیٹ ورک پوری طاقت کے ساتھ اب بھی موجود ہے اور ملک کا کوئی علاقہ ان کے حملوں سے محفوظ نہیں جب تک دہشتگردوں کے مراکز اورنیٹ ورک کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک ہمارے عوام کے جان ومال کے تحفظ کی کوئی ضمانت نہیں ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے ملک میں انتہا پسندی فرقہ واریت اور دہشتگردی کی قوتوں کا وجود ماضی میں ہمارے ملک کے استعماری حکمرانوں اورفوجی آمریتوں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔جب تک ان استعماری وآمرانہ بالادستی کی ان ملک دشمن پالیسیوں کو تبدیل نہیں کیا جاتا اس وقت تک دہشتگردی کا ناسور سے نجات محال ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی شہدا کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ اس غم میں برابرکی شریک ہے اور پارٹی اپنے عوام اور اپنے وطن کو دہشتگردی سے نجات دلانے کی جنگ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی ۔