بلوچستان کے حالات اس طرح نہیں کہ ہم سب سے سیکورٹی واپس لیں،سیکورٹی واپس لینے سے متعلق حکم میں نرمی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کیاجائیگا،وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی صحافیوں سے بات چیت

  • April 22, 2018, 8:57 pm
  • National News
  • 50 Views

بلوچستان کے حالات اس طرح نہیں کہ ہم سب سے سیکورٹی واپس لیں،سیکورٹی واپس لینے سے متعلق حکم میں نرمی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کیاجائیگا،وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی صحافیوں سے بات چیت
کوئٹہ (این این آئی )وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات اس طرح نہیں کہ ہم سب سے سیکورٹی واپس لیں،سیکورٹی واپس لینے سے متعلق حکم میں نرمی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کیاجائیگا۔انہوں نے یہ بات اتوار کے روزکوئٹہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ،انہوں نے کہاکہ کہ بلوچستان میں سیکورٹی سے متعلق خطرات موجود ہیں، جب سے ہم نے اقتدار سنبھالا تو 15 سے 20 خودکش بمبار پکڑے ہیں جبکہ ہمارے دور اقتدار میں ٹارگٹ کلرز کے 2 گروپوں کو حراست میں لیا گیا ہے،چمن سرحد کو محفوظ بنانے کیلئے سرحد پر باڑ لگارہے ہیں، انہوں نے کہاکہ دہشت گرد دنیا میں بلوچستان کا تشخص خراب کرنا چاہتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ ڈاکٹرز اپنی زمہ داریاں نبھائیں ، حکومتی بساط کے مطابق ان کے جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں گے، ڈاکٹرز مراعات کے لئے ہڑتال کرتے ہیں، لیکن کام نہیں کرتے، اس موقع پر وزیر اعلی نے مزید کہاکہ کوئٹہ شہرمیں تین منصوبوں کاافتتاح کیاہے، شہر میں ٹریفک کا مسئلہ گمبھیر ہونے کے باعث ترقیاتی پیکیج شروع کیاگیا، پیکیج کے تحت سریاب روڈ، جوائنٹ روڈ اورسبزل روڈ کو توسیع دی جائے گی، دو سال کی مدت میں یہ سڑکیں مکمل ہوجائیں گی،تینوں شاہراہوں کی توسیع کے منصوبوں کی کل لاگت 15 سے 20 ارب روپے ہے، وزیر اعلی نے مزید کہاکہ وفاق کی جانب سے فنڈزکی فراہمی کے حوالے سے وعدہ پورے نہیں ہوئے،دو سال قبل وفاق نے بلوچستان کو 5 ارب روپے دینے کاوعدہ کیاجو تاحال پورا نہیں ہوا،ہمیں امید ہے کہ وفاق ہمارے فنڈز جلد ریلیز کر دے گا۔