انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

  • April 21, 2018, 10:16 pm
  • National News
  • 141 Views

کوئٹہ21اپریل۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، 21ویں صدی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صدی ہے، محدود وسائل کے باوجود حکومت صوبے میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان انفارمیشن ٹیکنالوجی ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایسوسی ایشن کے صدر ڈائریکٹر آئی ٹی جواداحمد کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو صوبے میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی، اس شعبہ کو درپیش مشکلات اور دیگر امور سے آگاہ کیا، ان کے حل کے لئے وزیراعلیٰ سے درخواست کی اور آئی ٹی سیکٹر سے متعلق مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے کے مختلف اضلاع میں آئی ٹی اور ٹیکنیکل سینٹروں کے قیام کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید تعلیم حاصل کرنے کے بہتر مواقع فراہم ہوسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، اس حقیقت کے پیش نظر حکومت کی کوشش ہے کہ آئی ٹی سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ فروغ مل سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت نے تعلیم کے بجٹ میں غیرمعمولی اضافہ کیااور آنے والے بجٹ میں بھی تعلیم کو خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ آئی ٹی سیکٹر کو درپیش مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے صوبے میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی اور بلوچستان کے طلباء وطالبات کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے زیادہ سے زیادہ اسکالر شپ کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا جائے گا، وفد نے وزیراعلیٰ کے صوبے کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور ان کے مسائل تحمل سے سننے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔