مومنہ مستحسن نے بھی ’ می ٹو‘ کہہ دیا

  • April 21, 2018, 9:18 pm
  • Entertainment News
  • 483 Views

میشا شفیع سمیت کئی دیگر خواتین کے جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کے الزامات کے بعد پچھلے 3 روز سے مسلسل نئے نئے نام سامنے آرہے ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب معروف گلوکارہ مومنہ مستحسن کا نام بھی سامنے آگیا ہے۔

مومنہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پراپنے بیان میں کہا ہے کہ مجھے بھی جنسی طور پر ہراساں کیا جا چکا ہے اور جنسی ہراساں ہونے کا یہ معاملہ صرف علی ظفر تک محدود نہیں، یہ معاملہ مجموعی طور پر مردوں سے منسلک ہے جو عورتوں کے ساتھ تعلق میں اعتماد کو اہمیت نہیں دیتے۔

مومنہ نےمطالبہ کیا کہ اس معاملے میں ملوث ہر اس مرد کو کھلم کھلا معافی مانگنی چاہیے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ جنسی ہراسانی کا شکار ہونے والی خواتین کے ساتھ کھڑی ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی خواتین اپنے ساتھ ہونےوالے ظلم اور زیادتی کے خلاف اٹھ کھڑی ہوں۔

مومنہ نے علی ظفر سمیت تمام مردوں سے سوال پوچھاکہ اگر آپ نے کبھی جانتے بوجھتے یاانجانے میں کسی خاتون کے ساتھ کوئی غلط حرکت کی ہوتو میری آپ سے درخواست ہے کہ اپنی غلطی تسلیم کریں، معافی مانگیں اور اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے بہتر انسان بنیں۔