ریکورڈک کیس میں ثالثی یا مصالحت کاکوئی عمل نہیں ہوا

  • April 19, 2018, 6:35 pm
  • National News
  • 168 Views

کوئٹہ19اپریل۔محکمہ معدنیات ومعدنی ترقی حکومت بلو چستان نے روزنامہ جنگ کی 18مارچ اشاعت میں شائع ہونے والی اس خبر کی وضاحت کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بین الاقوامی عدالت میں زیر سماعت ریکوڈک کیس کے حوالے سے حکومت بلو چستان اورٹی تھیان کمپنی کے مابین عدالت سے باہر کوئی سمجھوتہ طے پاگیا ہے۔ محکمہ معدنیات ومعدنی ترقی نے وضاحت کی ہے کہ کوانٹم فیز میں ریکوڈک کیس آخری مرحلے میں ہے اور لندن میں اس کی سماعت 14مئی سے 23مئی 2018تک مقررکی گئی ہے۔ملکی اور غیر ملکی قانونی ماہرین مقدمہ کا دفاع کرنے کی ہرممکن کوشش کررہے ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ بلو چستان کی قیادت میں حکام کے ایک وفد نے 15سے 25مارچ 2018تک میامی میں غیر ملکی وکیل جی ایس ٹی ایل ایل پی سے مشاورت کیلئے ملاقاتیں کیں۔اور دفاعی دستاویز کی تیاری میں حصہ لیا جو 29مارچ کو کوانٹم فیز میں جمع کرائی گئی۔محکمہ کی وضاحت میں کہا گیا ہے کہ ریکورڈک کیس میں ثالثی یا مصالحت کاکوئی عمل نہیں ہوااور اس سلسلے میں مذکورہ روزنامہ میں شائع ہونے والی خبر درست نہیں۔