شمالی وزیرستان: دہشت گردوں کی فائرنگ، سکینڈ لیفٹیننٹ سمیت 2 جوان شہید

  • December 12, 2017, 11:17 am
  • Breaking News
  • 782 Views

شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں2 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے پہاڑوں میں چھپ کر فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اورسپاہی بشارت شہید ہوگئے۔
21 سال کے سکینڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کا تعلق بوریوالہ ضلع وہاڑی سے ہے ،انہوں نے حال ہی میں پی ایم اے کورس پاس کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے دوسرے جوان سپاہی بشارت کا تعلق گلگت کے گاؤں دینور سے ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے پرافسوس کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوں سےتعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔