خضدار میں شاہ نورانی کے مزار میں دھماکہ، متعدد افراد ہلاک

  • November 12, 2016, 7:15 pm
  • Breaking News
  • 380 Views

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے حکام کا کہنا ہے کہ ایک مزار میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہے۔
ہمارے نامہ نگار محمد کاظم کےمطابق خضدار میں لیویز اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ دھماکہ ضلع خضدار کے علاقے شاہ نورانی نامی مزارپر ہوا ہے۔
اہلکار کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری ٹی وی نے ڈی سی او خضدار کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ابھی ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا جبکہ امدادی ٹیمیں علاقے میں بھجوا دی گئی ہیں۔
خضدار میں انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ شاہ نورانی کے مزار میں ہوا جہاں لوگوں کی ایک بڑی تعداد جمع تھی۔
انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق دھماکے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد زخمی بھی ہوئی جن کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔
لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔