پی ٹی آئی کے جلسے کو ناکام سیاسی شو قرار

  • November 3, 2016, 7:07 pm
  • Breaking News
  • 160 Views

کوئٹہ 2نومبر: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کو ناکام سیاسی شو قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ دس لاکھ افراد کو جمع کرنے کے دعویدار عمران خان دس پندرہ ہزار سے زیادہ لوگوں کو جمع نہ کرسکے جو ان کی ناکام سیاست کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عوام نے جلسے میں شرکت نہ کرکے عمران خان کی ترقی مخالف اور انتشار پسندانہ سیاست کو مستر کردیا ہے قوم پہلے بھی نواز شریف کے ساتھ تھی اب بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔ دھرنوں اور جلوسوں کے ذریعے نہ تو کبھی حکومتیں تبدیلی ہوئی ہیں اور نہ ہی اب ہو گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عوام امن اور ترقی چاہتے ہیں شہروں کو بند کرنا دھرنے دینا اور جلسے جلوس کرنا عوام کی کبھی بھی ترجیح نہیں رہی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کامیاب حکمت عملی کے ذریعے عمران خان کی انتشار چلانے کی سازش ناکام بنائی اور ان کا منفی ایجنڈہ پورا نہیں ہونے دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہروں کو بند کرنا درحقیقت عوام کو تکلیف میں مبتلا کرنا ہے ایک منتخب عوامی اور جمہوری حکومت کبھی بھی عوام کو تکلیف پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتی ۔