بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کا حاضر سروس افسر گرفتار

  • March 24, 2016, 7:10 pm
  • Breaking News
  • 150 Views

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) کافی عرصے سے پاکستان ملک کے اندر بدامنی کے حوالے سے بھارت پر الزامات لگاتا رہا ہے اور اس کے دستاویزی ثبوت بھی مختلف فورمز پر پیش کیے گئے تاہم بھارت کی طرف سے پاکستان میں مداخلت کے الزامات کو مسترد کیا جاتا رہا ہے لیکن ایک بار پھر پاکستان کے سکیورٹی اداروں نے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ادارے ”را“ کے حاضر سروس افسر کو جاسوسی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی ” را“ کے ایجنٹ کل بھوشن یادیو کو تین روز قبل بلوچستان کے نامعلوم مقام سے گرفتار کیا جس کے بعد اسےخصوصی طیارے سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ را کے افسر سے دوران تفتیش بہت اہم معلومات ملی ہیں جن کو بنیاد بنا کر پاکستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی جائیں گی۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز کا کہنا ہے کہ کل بھوشن یادیو نیوی میں کمانڈر افسر کے رینک پر تعینات ہے اور اس نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کیلئے کام کرنے کا اعتراف کیا ہے اس کے علاوہ بھارتی جاسوس نے بلوچستان اور کراچی میں علیحدگی پسند تحریکیں چلانے اور فسادات کرانے کا اعتراف کیا ہے۔