تاریخ کا شدید ترین زلزلہ ، پاکستان ،بھارت اور افغانستان کے بیشتر علاقوں میں زمین لرزتی رہی ، 27افرادجاں بحق

  • October 26, 2015, 3:51 pm
  • National News
  • 202 Views

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ، بھارت اور افغانستان سمیت پڑوسی ممالک میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے جن کی ریکٹر سکیل پر شدت 7.7ریکارڈ کی گئی جبکہ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ زلزلے کی شدت 8.1تھی ۔
سوئٹزرلینڈ کے زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغان دارلحکومت کابل سے 265کلومیٹر تھاجبکہ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ زلزلے کی زیرزمین گہرائی 193کلومیٹرتھی ۔ زلزلے کے نتیجے میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے کم ازکم 27افرادجاں بحق اور 100سے زائد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتالوں میں منتقلی کا عمل شروع کردیاگیا۔ ہلاکتوں اور نقصانات کا تفصیلات جاننے کیلئے یہاں کلک کریں۔
پاکستان کے صوبہ پنجاب ، خیبرپختونخواہ اور کشمیرمیں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی وجہ سے زمین تقریباً ایک منٹ سے زائد وقت تک لرزتی رہی جبکہ موبائل فون سروس بھی متاثر ہوگئی ۔ زلزلے کے جھٹکے لاہور ، پشاور ،اسلام آباد، راولپنڈی ، سوات ، مالاکنڈ، مری ، ایبٹ آباد، مظفرگڑھ ، رحیم یارخان ، سوات ، تلہ گنگ ، میانوالی ،خیرپور، کوئٹہ ، اور سرگودھامیں بھی محسوس کیے گئے جس کے بعد آرمی چیف اور وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو امداد ی سرگرمیاں شروع کرنے کا حکم دیدیا۔ آرمی چیف نے ہدایت کی ہے کہ احکامات کا انتظار کیے بغیر فوری اقدامات کریں ، تفصیلات کیلئے یہاں کلک کریں۔
ذرائع کے مطابق زلزلے کی وجہ سے کئی مقامات پر موبائل فون ٹاور بھی گر گئے جس کی وجہ سے موبائل فون سروس بھی معطل رہی اور بیشتر علاقوں میں آخری اطلاعات تک انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہے ۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جنوبی پنجاب میں مکانات میں دیواریں گرگئیں جبکہ سپریم کورٹ کی بھی ٹائلیں اکھڑ گئیں اور ججز سماعت چھوڑ کر باہرنکل آئے ۔ زلزلے کے بعد لوگ ، گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے ۔
آزاد اور مقبوضہ کشمیر ، بھارت میں ہماچل پردیش، ہریانہ اوردیگر ریاستوں ، افغان دارلحکومت کابل اور دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔

http://dailypakistan.com.pk/environment/26-Oct-2015/284430