پی آئی اے کاطیارہ یمن میں محصور 176پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گیا،ایئرپورٹ پر پاکستان زندہ باد کے نعرے

  • April 3, 2015, 1:49 pm
  • National News
  • 102 Views

روالپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ایئرلائن کی خصوصی پرواز پی کے7044یمن میں محصور176پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی ہے جہاں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف محصور پاکستانیوں کے وطن واپس پہنچنے پر ان کے استقبال کیلئے موجود ہیں ۔تفصیلات کے مطابق یمن کے شہر عدن میں محصور 176پاکستانیوں کو چینی بحری جہاز کے ذریعے جبوتی پہنچایا گیاتھا جہاں سے پاکستان کے طیارہ پی کے 7044پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گیاہے ۔پاکستان پہنچنے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد ان کا استقبال کرنے کیلئے ایئرپورٹ پر موجود ہے اور بے حد جذباتی مناظر دیکھنے میں آرہے ہیں ۔
یمن میں محصور پاکستانیوں کوبحفاظت پاکستان پہنچنے پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراعظم نوازشریف کے معاون خصوصی برائے ہوابازی شجاعت عظیم مسافروں کا استقبال کرنے کیلئے موجود ہیں ۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یمن سے بیشتر پاکستانیون کویمن سے نکال لیا گیاہے اور امید ہے کہ اگلے دو روز میں تمام پاکستانیوں کو یمن سے باحفاظت نکا ل لیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ صنعاءکا ایئرپورٹ آپریشنل ہوا تو وہاں سے بھی پاکستانیوں کو نکالا جائے گا۔