کابل، جہاز سے لٹک کر کابل سے باہر جانے کی کوشش میں تین نوجوان جان سے ہاتھ دھو بیٹھے

  • August 17, 2021, 10:49 am
  • World News
  • 222 Views

کابل سے نکلنے کی کوشش میں 3 نوجوان زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔افغان میڈیا کے مطابق کابل ائیرپورٹ پر افراتفری عروج پر پہنچ گئی ہے۔افغانستان چھوڑ کر باہر جانے کے لیے لوگ بے چین ہیں۔کابل سے نکلنے کی کوشش 3 نوجوان موت کے منہ میں چلے گئے۔تین نوجوانوں نے جہاز کے ٹائروں میں چھپ کر کابل سے نکلنے کی کوشش کی۔
تینوں نوجوان جہاز سے گر گئے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے گرنے کی زوردار آواز سنائی دی۔ویڈیو دیکھ کر صارفین کی جانب سے بے بسی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ بھی سوشل میڈیا پر کئی ایسی ویڈیوز وائرل ہیں جن میں کابل میں موجود لوگوں جہاز کے پیچھے بھی بھاگتا دیکھا جا سکتا ہے۔
ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں لوگوں کو رن وے پر جہاز کے ساتھ ساتھ دوڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔شہری کسی بھی طریقے سے جہاز میں سوار ہونے کی کوشش کرتے رہے۔کچھ نوجوانوں کی جانب سے جہاز کے ٹائر کے ساتھ لٹک کر بھی باہر جانے کی کوشش کی گئی۔
۔دوسری جانب کابل کی فضائی حدود سے گزرنے والے طیاروں کو راستہ تبدیل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
افغانستان کے سول ایوی ایشن حکام نے غیر ملکی طیاروں کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ اپنا راستہ تبدیل کرلیں۔ افغان سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افغانستان کی فضائی حدود سے کسی بھی قسم کا ٹرانزٹ غیرمحفوظ ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کابل کی فضائی حدود سے ملٹری پروازوں کو گزرنے کی اجازت ہے۔ خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر کابل شہر اور ائیر پورٹ کے کچھ مناظر کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہر میں کس قسم کی افراتفری برپا ہے، طالبان کے کنٹرول کے بعد لوگ شہر کو جلد از جلد چھوڑنا چاہتے ہیں۔
کابل کی سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ جبکہ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کمرشل پروازوں کیلئے آپریشن گزشتہ رات سے ہی بند تھا۔ گذشتہ رات امریکی ایئر فورس کے طیارے ہی کابل میں لینڈنگ اور ٹیک آف کرتے رہے ہیں، رائل ایئر فورس کا ایک طیارہ بھی اپنے شہریوں کو لینے کے لیے کابل پہنچا تھا۔ جبکہ آج صبح افغانستان میں پھنسے اپنے شہریوں اور غیر ملکیوں کو نکالنے کیلئے کابل پہنچنے والی ترکش ایئر لائن کی پرواز کو لینڈنگ کیلئے فضا میں ہی 40 منٹ تک انتظار کرنا پڑا۔
پرواز ٹی کے 706 بوئنگ 777 طیارہ کابل کے مغرب میں 40 منٹ تک فضا میں چکر کاٹتا رہا۔ بعد ازاں ائیرپورٹ حکام کی جانب سے کلیئرنس ملنے پر ترکش ہوائی جہاز نے مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجکر 45 منٹ پر لینڈنگ کی تھی۔