ارباب غلام رحیم کے قافلے پر مبینہ حملہ، گورنر سندھ کا نوٹس
- August 13, 2021, 10:44 am
- Breaking News
- 205 Views
ٹنڈو محمد خان: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سندھ افیئرز ارباب غلام رحیم کے قافلے کا گھیراؤ کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ناخوشگوار واقعہ صوبہ سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں پیش آیا، جہاں پی پی کے مشتعل کارکنان نے ان کے قافلےکا گھیراؤ کیا اور انکے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
بعد ازاں واقعے کے حقائق میڈیا کو بتانے کے لئے ارباب غلام رحیم ٹنڈو محمد خان کے پریس کلب پہنچے واپسی پر پریس کلب کے باہر پی پی کارکنان نے انہیں جوتے دکھائے اور قاتل قاتل کے نعرے بھی لگائے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسی دوران پی پی اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے دوران ہاتھاپائی وگالم گلوچ ہوئی، تصادم کے دوران کئی پی ٹی آئی کارکن زخمی ہوئے، واقعے کے بعد پی ٹی آئی کارکنان زخمیوں کولےکر تھانے پہنچے اور ملزمان کے خلاف اندراج مقدمے کی درخواست جمع کرائی۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل نے ٹنڈومحمدخان میں ارباب رحیم پرجیالوں کےمبینہ حملےکا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔گورنر سندھ نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ حملے میں ملوث ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزادی جائے، تشدد پر مبنی سیاست جمہوری،معاشرتی اور اخلاقی تقاضوں کےمنافی ہے۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل نے بھی ارباب غلام رحیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں وزیراعظم کےمعاون خصوصی بھی جیالے غنڈوں سےمحفوظ نہیں، پی پی سندھ میں اپنی بساط لپٹی دیکھ کر دہشتگردی پراتر آئی ہے، پی پی کےغیر اخلاقی لیڈر اور کارکنان اپنی حد میں رہیں۔