قرآن پر قسم اٹھائیں کہ بلاک کی گئی ویب سائٹس دیکھنے کیلئے وی پی این کا استعمال نہیں کریں گے
- August 13, 2021, 10:40 am
- Science & Technology News
- 310 Views
قرآن پر قسم اٹھائیں کہ بلاک کی گئی ویب سائٹس دیکھنے کیلئے وی پی این کا استعمال نہیں کریں گے، اسلامی ملک ترکمانستان کی حکومت نے انٹرنیٹ کنکشن کی فراہمی کیلئے شہریوں پر شرط عائد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اسلامی ملک ترکمانستان کی حکومت نے اپنے شہریوں کو غیر اخلاقی اور بلاک کی گئی دیگر ویب سائٹس سے دور رکھنے کیلئے انوکھا طریقہ ڈھونڈ لیا۔
بتایا گیا ہے کہ ترکمانستان کی حکومت نے اپنے شہریوں پر انٹرنیٹ کنکشن کے حصول کیلئے بڑی اور غیر معمولی شرط عائد کی ہے۔ ترکمانستان کی حکومت نے اپنی شہریوں پر واضح کیا ہے کہ انہیں انٹرنیٹ کنکشن کے حصول سے قبل قرآن پاک پر قسم اٹھانا ہو گی۔ کسی بھی شہری کو گھر پر انٹرنیٹ کی سہولت حاصل کرنے کیلئے قرآن پاک کی قسم کھانا ضروری ہوگی کہ وہ گھر پر حاصل کیے گئے انٹرنیٹ کنکشن کی مدد سے غیر اخلاقی اور حکومت کی جانب سے بلاک کی گئی ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرے گا۔
جو بھی شہری اپنے گھر پر انٹرنیٹ کی دستیابی کاخواہش مند ہے اسے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر قسم کھانا ہو گی کہ وہ ممنوعہ ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرنے کیلئے وی پی این ایپلی کیشن کا استعمال نہیں کرے گا۔ اس حوالے سے غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ترکمانستان نے غیر اخلاقی ویب سائٹس کی بندش کی آڑ میں حکومت پر تنقید کرنے والی ویب سائٹس پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔
ترکمانستان میں بیشتر سوشل میڈیا ویب سائٹس بلاک ہیں، شہری دنیا بھر میں کثرت سے استعمال ہونے والی ویب سائٹس تک رسائی سے محروم ہیں۔ ترکمانستان کے صدر نے خود پر تنقید کرنے والی ویب سائٹس کو بلاک کروا رکھا ہے، اور اب انٹرنیٹ کنکشن کی فراہمی کیلئے عائد کی گئی شرط کا اصل مقصد بھی یہی ہے کہ شہریوں کو حکومت پر تنقید کرنے والی ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرنے سے روکا جائے۔