محرم الحرام کے دوران حساس علاقوں میں سول آرمڈ فورسز تعینات کرینگے: شیخ رشید

  • August 5, 2021, 5:02 pm
  • National News
  • 223 Views

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہے کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر سول آرمڈ فورسز تعینات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان کے حوالے سے وزارت داخلہ میں خصوصی اجلاس ہوا، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی حکومت، پنجاب، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں اور سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، وفاقی حکومت امن وامان کے حوالے سے تمام وسائل مہیا اور سہولیات فراہم کریگی۔

انہوں نے کہا کہ امن وامان برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ کی مدد کے لئے سول آرمڈ فورسز تعینات کی جائینگی۔ حساس علاقوں کی سکیورٹی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے، امن و امان کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی دارالحکومتوں کا دورہ بھی کرونگا۔ دوران محرم مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اقدامات لئے جائیں۔