کراچی 16سالہ لڑکے نے بدفعلی کی کوشش کرنے والے شخص کو قتل کر دیا
- July 30, 2021, 2:49 pm
- National News
- 260 Views
کراچی (انفارمیشن ڈیسک) 16 سالہ لڑکے نے بدفعلی کی کوشش کرنے والے 52 سالہ شخص کو تیز دھار آلے کا وار کرکے قتل کر دیا۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں لڑکے نے بدفعلی کی کوشش کرنے والے شخص کو قتل کر دیا۔ پولیس نے زخمی حالت میں ایک ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔اس حوالے سے ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے امام بخش نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 52 سالہ ہاشم کے نام سے ہوئی ہے۔
16 سالہ محمد شاہ کا کہنا ہے کہ مقتول ہاشم کے ساتھ ایک ہی کوارٹر میں رہتا تھا جو میرے ساتھ زبردستی زیادتی کی کوشش کر رہا تھا۔اس دوران میں نے اسے چھری سے ڈرانا چاہا تو ہاشم نے چھری پکڑنے کی کوشش کی جو اسے لگ گئی اور وہ دم توڑ گیا جب کہ میں خود بھی زخمی ہو گیا۔
امام بخش نے مزید بتایا کہ مقتول اور ملزم کا آبائی تعلق باجوڑ سے ہے اور وہ نئی سبزی منڈی میں قہوہ فروخت کرتے ہیں جبکہ ملزم نے الزام عائد کیا ہے کہ مقتول نے اس سے قبل بھی میرے ساتھ زیادتی کی کوشش کی۔
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کراچی میں معصوم بچوں کے اغوا اور جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی قرار دیا یے۔انہوں نے کہا کہ آئے روز درندگی کا کوئی نیا واقعہ سننے کو ملتا ہے۔ عدم تحفظ کی اس فضا نے عام آدمی کی زندگی کو اذیت ناک بنا دیا ہے۔
ایسے گھناؤنے واقعات کی روک تھام کے لیے حکومت کی جانب سے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔یہ امر انتہائی افسوس ناک ہے کہ اس ملک میں قانون تو بن جاتے ہیں لیکن مجرمان عبرت ناک سزاوں کے شکنجے میں آنے سے با آسانی بچ جاتے ہیں۔یہ حقیقت جرائم پیشہ عناصر کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ جنسی زیادتی کے مجرمان کا عدالتی ٹرائل کم سے کم وقت میں کر کے اور انہیں عبرتناک سزائیں دے کر ان جرائم کو روکا جا سکتا ہے۔حکومت کو اس سلسلے میں سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔