پاک فوج کی مہمان نوازی کبھی نہیں بھول سکتے، افغان کمانڈر
- July 27, 2021, 12:24 pm
- Breaking News
- 176 Views
گذشتہ روز پاکستان میں پناہ لینے والے 46 افغان فوجیوں کو واپس افغانستان حکومت کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے ہمارا بہترین خیال رکھا ، کبھی بھول نہیں سکتے۔افغان فوجیوں کو 12 بج کر 35 منٹ پر افغان حکام کے حوالے کیا گیا۔تمام فوجیوں کو ہتھیاروں اور آلات سمیت افغان حکام کے حوالے کیا گیا۔
اس موقع پر افغان فوج کے کمانڈر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہمارا بہترین خیال رکھا۔پاکستان حکومت اور پاک فوج کے شکرگزار ہیں۔پاک فوج ہماری مہمان نوازی کی جسے ہم کبھی نہیں بھول سکتے۔واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے افغان نیشنل آرمی (اے این ای) اور بارڈر پولیس کے 46 فوجیوں کو پناہ اور محفوظ راستہ دیا گیا۔
انٹر سروسس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ ارندو، چترال کے پار اے این اے کے ایک مقامی کمانڈر نے 46 فوجیوں کیلئے مدد کی درخواست کی تھی جن میں 5 افسران بھی شامل تھے کیونکہ وہ افغانستان کی بدلتی ہوئی سلامتی کی صوررتحال کی وجہ سے پاک افغان سرحد کے ساتھ (اپنی) چیک پوسٹ کو سنبھال نہیں سکتے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج نے متعلقہ معلومات اور ضروری کارروائیوں کیلئے افغان حکام سے رابطہ کیا ہے۔کہا گیا کہ افغان فوجی رات دیر گئے چترال کے ارندو سیکٹر پہنچے، افغان حکام سے رابطے اور ضروری فوجی طریقہ کار کے بعد 5 افسران سمیت 46 فوجیوں کو پاکستان میں پناہ، محفوظ راستہ دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ فوجی جوانوں کو قائم فوجی اصولوں کے مطابق کھانا، رہائش اور ضروری طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ فوجیوں اور افسران کو ضروری طریقہ کار کے بعد باوقار طریقے سے افغان حکومت کو واپس کیا جائے گا۔اسی طرح کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ یکم جولائی کو پناہ مانگنے والے 35 افغان فوجیوں کو بھی پاکستان میں محفوظ راستہ دے دیا گیا تھا اور مناسب طریقہ کار کے بعد افغان حکومت کے حوالے کردیا گیا تھا۔