کراچی میں گھروں پر جا کر بھاری رقوم کے عوض کورونا ویکسین لگانے والے 2 افراد گرفتار
- July 26, 2021, 5:09 pm
- COVID-19
- 132 Views
کراچی : پریڈی پولیس نے اسٹنگ آپریشن کے دوران گھروں پر جا کر بھاری رقوم کے عوض غیر قانونی طور پر کورونا ویکسین لگانے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا ، ملزمان کا کہنا ہے کہ انھیں یہ ویکسین سرکاری اہلکار فراہم کرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں غیر قانونی طور پر گھروں پر جاکر کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے والا گروہ پکڑا گیا، پندرہ ہزار سے تین ہزار آٹھ سو تک میں گھر پر ویکسین لگانے کا شور اٹھا تو پریڈی پولیس ایکشن میں آگئی۔
پولیس نے کارروائی میں 2 ملزمان کو گرفتار کرکے ویکسین برآمد کرلی ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان گھروں پر ویکسین لگانے کے 15 ہزار سے 3800 روپے وصول کرتے تھے جبکہ اس غیرقانونی کام میں حکومتی اہلکار بھی ملوث ہیں۔
ملزمان نے انکشاف کیا کہ اس کام میں وہ اکیلے نہیں ، فائزر ہویا سائینو فارم اور یا سائنوں ویک ، تمام ویکسین حکومتی اہلکار ہی دیتے تھے اور اس دھندے میں تین سے چار لوگ ملوث ہیں۔
خیال رہے سرکاری ویکسین کا یوں کالے بازار میں دستیاب ہونا حکومتی اداروں کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے اور سرکاری عملے کی ملی بھگت سے کورونا سے بچاؤ کی کوششوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، حکومت سندھ نے بروقت ایکشن نہ لیا تو ویکسین کی قلت بھی ہوسکتی ہے اور نتائج سنگین ہوسکتے ہیں۔