شادی کرنے کیلئے کورونا ویکسینیشن لازمی قرار ، نیا حکم نامہ جاری
- July 17, 2021, 8:38 pm
- COVID-19
- 213 Views
شادی کرنے کیلئے کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی ، قربانی کے جانور خریدنے کیلئے منڈی جانے والوں کو بھی ویکسینیشن کارڈ دکھانا ہوگا، ریسٹورنٹس اور مسافر بسوں میں داخلہ بھی ویکسینیشن سے مشروط ،محکمہ داخلہ سندھ نے پابندیوں کا نیا حکم نامہ جاری کردیا۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شادی کرنے کے لیے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا، شادی ہالز میں شرکت کے لیے کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قربانی کے جانور خریدنے کے لیے منڈی جانے والوں کو ویکسینیشن کارڈ دکھانا ہوگا۔ ریسٹورنٹس اور مسافر بسوں میں داخلہ بھی کورونا ویکسینیشن سے مشروط ہوگا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عید کے روز تفریحی مقامات کا رخ کرنے والوں کے لیے بھی ویکسینیشن کارڈ درکار ہوگا۔
واضح رہے کہ عیدالاضحی پر ویکسینیشن سینٹرز ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے ویکسینیشن سینٹرزعیدالاضحی کے پہلے دن بند رہیں گے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ این سی اوسی نے ویکسینیشن سینٹرزکی عیدچھٹی کی منظوری دے دی ہے ، جس کے تحت ملک بھرکےویکسی نیشن سینٹرز21جولائی کو بند رہیں گے۔ذرائع کے مطابق عید کے دوسرے دن ملک بھر کے ویکسینیشن سینٹرزکھل جائیں گے، ویکسینیشن کی حوصلہ افزا شرح کے پیش نظر ایک چھٹی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر شروع ہو گئی ہے جس کے باعث ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ۔
پاکستان بھر میں کورونا مثبت آنے کی شرح 5.65 فیصد ہو گئی۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کی وجہ سے 39 اموات ہوئیں جبکہ کورونا کے مزید 2783 کیسز رپورٹ ہوئے۔جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 720 ہوگئی جبکہ کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 86 ہزار 668 ہوگئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 783 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 49 ہزار 890، سندھ میں 3 لاکھ 54 ہزار 103، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 40 ہزار 293، بلوچستان میں 28 ہزار 884، گلگت بلتستان میں 7 ہزار 288، اسلام آباد میں 84 ہزار 399 جبکہ آزاد کشمیر میں 21 ہزار 811 کیسز رپورٹ ہوئے۔