پاکستان میں ملازمت پیشہ آبادی کا 49 فیصد حصہ کورونا سے متاثرہوا، رپورٹ

  • July 16, 2021, 6:19 pm
  • COVID-19
  • 150 Views

اسلام آباد : وزارت منصوبہ بندی وترقیات کا کہنا ہے کہ ملک میں ملازمت پیشہ آبادی کا 49 فیصد حصہ کورونا سے متاثرہوا جبکہ 37 فیصد ورکرز کی ملازمت چلی گئی یا کام نہیں ڈھونڈسکے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں وقفہ سوالات کا سلسلہ شروع ہوا ، تو کورونا سے ملک میں لوگوں کی آمدنی و روزگار متاثر ہونے سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔

وزارت منصوبہ بندی وترقیات نے اعدادوشمار ایوان میں پیش کیے، جس میں بتایا گیا کہ کورونا کا سماجی و اقتصادی اثرات کا جائزہ لینے کیلئے سروے کیا، جس سے پتہ چلا کہ ملازمت پیشہ آبادی کا 49 فیصد حصہ کورونا سے متاثرہوا۔

وزارت منصوبہ بندی وترقیات کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثرہ ملازمت پیشہ افراد کی تعداد27.31ملین ہے، اس دوران کورونا سے37 فیصد ورکرز کی ملازمت چلی گئی اور انہیں دوبارہ نوکری نہ ملی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کورونا سے 12 فیصد ورکرز کی آمدن میں کمی ہوئی، کورونا سے سب سے زیادہ صوبہ خیبر پختونخوا متاثرہوا، جہاں 55فیصدملازمت پیشہ افراد کی ملازمت گئی یا آمدنی میں کمی ہوئی۔