افغان طالبان کی قیدیوں کی رہائی کے بدلے جنگ بندی کی پیشکش

  • July 15, 2021, 5:29 pm
  • World News
  • 239 Views

کابل: افغان طالبان نے قیدیوں کی رہائی کے بدلے 3 مہینے کے لیے سیزفائر کی پیشکش کردی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے افغان حکومت کو جیلوں میں موجود طالبان قیدیوں کی رہائی کے بدلے 3مہینے کے لیے سیز فائر کی پیش کش کی ہے۔ افغان حکومت کی جانب سے طالبان سے امن مذاکرات میں شامل نمائندہ نادر نادری نے رپورٹرز کو بتایا کہ طالبان نے تقریباً 7 ہزار قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کے اہم رہنماؤں کے نام اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ سے بھی نکالے جائیں تاہم یہ ایک بہت بڑا مطالبہ ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں امریکا اور اتحادی افواج کے انخلا کے بعد طالبان نے افغان افواج کو پیچھے دھکیلتے ہوئے متعدد اضلاع کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے، اس کے علاوہ افغان سرحدوں پر بھی طالبان تیزی سے قابض ہورہے ہیں جب کہ متعدد شہروں کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے طالبان اور افغان فورسز میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔