حکومت نے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا
- July 7, 2021, 9:02 pm
- Business News
- 245 Views
حکومت نے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا،،پہلی بار گاڑی خریدنے والے کے لیے ڈاؤن پیمنٹ 20 فیصد کردی ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے کہا ہے کہ آٹو سیکٹر سب سے بڑا سیکٹر ہے جسے بہتر بنا کر برآمد کی طرف لے جانا چاہتے ہیں اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات کو نشریات فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خسرو بختیار نے کہا کہ پچھلے سال 4 لاکھ 15 ہزار گاڑیاں بنیں، ہم چاہتے ہیں کہ طلب بڑھائیں کیونکہ یہ سب سے بڑا سیکٹر ہے، گاڑیوں کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو طلب بڑھتی ہے، تو ہم نے گاڑیوں پر ڈیوٹی کم کردی ہے، جس کے بعد 660 سی سی کی گاڑیوں کی قیمت ایک لاکھ 50 ہزار روپے تک کم ہوں گی.
انہوں نے کہا کہ کلٹس، سٹی اور ٹویوٹا گاڑیوں کی قیمتیں کم ہوں گی اور طلب میں اضافہ ہوگا جبکہ طلب بڑھنے سے 3 لاکھ نئی نوکریاں پیدا ہوں گی انہوں نے کہا کہ اس سال گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو ملا کر 3 لاکھ 75 ہزار نوکریاں پیدا ہوں گی، ہم نے گاڑیوں کی اپ فرنٹ پیمنٹ 20 فیصد کردی ہے، آئندہ سال اس کی اقساط کو بھی کم کر دیں گے. وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بہت بڑا سیکٹر ہے، اس کو ہمیں برآمد کی طرف لے کر جانا ہے، نئی پالیسی جو آرہی وہ برآمد اور مینوفیکچرنگ کی بنیاد پر بنائی گئی ہے انہوں نے کہا کہ 'ہماری توجہ یہ ہے کہ ہماری گاڑیوں کو بہتر کیا جائے، پاکستان میں سب گاڑیوں کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں، چھوٹی گاڑی پر میری گاڑی اسکیم کے تحت ہماری خاص توجہ ہے، ہمارا ہدف ہے کہ پاکستان میں 5 لاکھ گاڑیاں بنیں گی، یہ بل کل کابینہ میں منظور ہوا ہے اور کوشش ہے کہ آر او آجائے تو ہم نئی قیمتوں کا اطلاق کریں گے، جبکہ ہم آٹو سیکٹر میں درآمد کی بھی اجازت دیں گے.
قبل ازیں فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے زراعت کی ترقی کے لیے کام کیا اور اپنے قرضوں میں کمی لے کر آئے ہیں ہم آج نئی خوشخبری لے کر سامنے آئے ہیں جس میں ہم گاڑیوں کی قیمت میں کمی کریں گے، ہمارے جو جوان پہلی بار گاڑی لینا چاہتے ہیں ان کے لیے نئی خوشخبری لائے ہیں.