بلوچستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کا عمل تیز کرنا ہوگا، آرمی چیف
- July 6, 2021, 7:08 pm
- Breaking News
- 234 Views
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان اور پاکستان کے دشمنوں کو شکست دینے کے لیے چوکنا ہے، موجودہ خطرات میں جامع قومی ردعمل کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی ورکشاپ کے شرکا سے اظہار خیال کیا، ورکشاپ میں ارکان پارلیمنٹ، بیورو کریٹس، نوجوان، میڈیا اور اکیڈمی کے ارکان شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ورکشاپ کا مقصد مستقبل کی قیادت کو بلوچستان کے بارے میں بہتر آگاہی فراہم کرنا ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن اور استحکام سے پاکستان میں ترقی ہوگی، سخت جدوجہد سے حاصل امن کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں سماجی اور اقتصادی ترقی کا عمل تیز کرنا ہوگا، دیرپا استحکام کے لیے عوام کی بہتری کی حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔
پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ قومی قیادت اور فوج کی مکمل توجہ بلوچستان پر ہے، قومی اور صوبائی سطح پر دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر بلوچستان کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم امن و استحکام کی راہ میں ہر مشکل گھڑی میں ثابت قدم رہی۔