روس میں مسافر بردار طیارہ سمندر میں گر کر تباہ

  • July 6, 2021, 4:40 pm
  • World News
  • 121 Views

ماسکو: روس میں لاپتہ ہونے والا مسافر بردار طیارہ جزیرہ نما کامچاٹکا میں گر کر تباہ ہوگیا جس میں تمام افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے علاقائی دارالحکومت پٹروپاولوسک کامچاٹسکی سے ایک گاؤں پلانا جانے والا انٹونیو 26 ٹربو طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ دو انجن والے مسافر بردار طیارے میں 22 مسافر اور عملے کے 6 ارکان موجود تھے۔

طیارے کے لاپتہ ہونے کے بعد سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا جس کے دوران ہیلی کاپٹر میں سوار ریسکیو اہلکاروں کو جہاز کے ملبے کی کچھ باقیات مشرقی جزیرہ نما کامچاٹکا کے سمندر کی سطح پر دکھائی دیں۔ طیارے کے ملبے کی جگہ امدادی کشتیوں کو روانہ کردیا گیا۔
1982 میں تیار کردہ اس طیارے میں میئر اولگا کوکیریفا بھی موجود تھے۔ سرچ آپریشن جاری ہے تاہم اب تک انسانی باقیات نہیں ملی ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جہاز میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
تاحال طیارہ حادثے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق اس علاقے میں موسم ابر آلود تھا جو حادثے کی وجہ ہوسکتی ہے۔