ترجمان حکومت بلوچستان نے وزیراعظم عمران خان کے دورے گوادرکو خوش آئند قرار دیدیا

  • July 5, 2021, 7:47 pm
  • National News
  • 124 Views

ترجمان حکومت بلوچستان نے وزیراعظم عمران خان کے دورے گوادرکو خوش آئند قرار دیدیا
وزیراعظم عمران خان صوبہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ،لیاقت شاہوانی
کوئٹہ( انفارمیشن ڈیسک)ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورے گوادرکو خوش آئند قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان صوبہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں انہوں نے بارہا کہا کہ گزشتہ ادوار میں بلوچستان کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا اور دیگر صوبوں کی نسبت بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کو پس پشت ڈالا گیا جس سے صوبے کی پسماندگی میں اضافہ ہوا۔لیکن اب ایسا نہیں ہوگا اور بلوچستان کو بھی دیگر صوبوں کے مساوی حقوق ملیں گے ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ اپنے دورہ گوادر کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے گوادر فیز ٹو سمیت متعدد منصوبوں کا افتتاح کیا ہے جس سے صوبے کی ترقی میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا گوادر سے پاکستان کا مستقبل جڑا ہوا ہے ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ پاک چین راہداری کے تحت جاری منصوبوں سے بلوچستان اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا اس کے علاوہ صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع بھی میسر ہونگے تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے سفیروں کی جانب سے گوادر سمیت پورے ملک میں سرمایہ کاری اور تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی یہ بڑی کامیابی ہے کہ اب دیگر ممالک بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا بھی ویژن ہے کہ صوبے میں ترقی کا عمل موثر اور تیز ہو تاکہ صوبے کے عوام کے مسائل اور مشکلات میں کمی آئے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ان کی دہلیز پر میسر ہوں ۔