متوقع مون سون بارشوں کے دوران بجلی حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر

  • July 5, 2021, 7:42 pm
  • Weather News
  • 183 Views

متوقع مون سون بارشوں کے دوران بجلی حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر
کوئٹہ(انفارمیشن ڈیسک)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے متوقع مون سون بارشوں کے پیش نظر صارفین کو بجلی کے حادثات سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے اور واضح کیاہے کہ اپنے پیاروں کی زندگی کو بجلی حادثات سے محفوظ بنانے کیلئے تمام ترتدابیر اختیار کی جائیں خاص طورپر بارش کے دوران بجلی حادثات سے بچاؤ کیلئے بجلی کے کھمبوں اور برقی تنصیبات کو چھونے سے اجتناب کریں اور بچوں کوبھی اس کی تاکید کریں تاکہ کوئی جان لیوا حادثہ رونمانہ ہوجائے کیونکہ بجلی کسی کالحاظ نہیں کرتی اس لئے غیر ضروری خود اعتمادی سے پرہیز کریں۔بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور دیگر برقی تنصیبا ت کو چھونے سے گریز کیاجائے کیونکہ گیلے ہونے کی وجہ سے ان برقی آلات میں بسااوقات برقی رو سرایت کرسکتی ہے اس لئے خود بھی اور بچوں کو بھی اس سے دور رکھیں۔اسی طرح گھروں کے اندربجلی کے تمام آلات کو باقاعدہ طورپرارتھ کریں کپڑوں پر استری کرتے وقت پیروں تلے خشک قالین یا لکڑی کاکوئی ٹکڑا ضرور رکھیں اسی طرح بجلی کی ناقص گھریلو وائرنگ کی طرف خصوصی توجہ دیں اور ننگی تاروں کو جلد ازجلد تبدیل کرلیں یاا ن کو مناسب اور محفوظ طریقے سے ٹیپ کروائیں۔کیسکونے تمام صارفین پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ وہ گیلے ہاتھوں،گیلے کپڑوں یا جوتے گیلے ہونے کی صورت میں بجلی کے پنکھوں کے سوئچ تاراوردیگر برقی آلات کو ہرگز ہاتھ مت لگائیں اور بجلی کے آلات بچوں کی رسائی سے دوررکھیں تاکہ وہ ان کو ہاتھ نہ لگاسکیں کیونکہ زراسی توجہ اوراحتیاط سے بہت سے حادثات سے بچایاجاسکتاہے۔پانی کی موٹروں،کپڑے دھونے کی مشین/سلائی مشین اور پنکھے وقتاً فوقتاً کسی ماہر الیکٹریشن سے چیک کراتے رہیں تاکہ وہ شارٹ نہ ہوں کیونکہ باقاعدہ استعما ل سے یہ کئی دفعہ شارٹ ہوجاتیں ہیں جس سے ہروقت حادثہ رونما ہوسکتاہے اورکپڑے دھونے اور استری کرتے وقت اس بات کی یقین دہانی ضروری ہے کہ وہ شارٹ نہیں ہے۔عام طورپر مشاہدہ ہے کہ بچے خاص طورپران برقی آلات کو پکڑنے اور چھونے کی کوشش کرتے ہیں جوکہ جان لیوا حادثے کاباعث بن جاتے ہیں اورزراسی لاپرواہی کی وجہ سے قیمتی جان ضائع ہوجاتی ہے یا اس لاپرواہی کی وجہ سے کچھ لوگ مستقل معذور ہوجاتے ہیں جس کا مداوا عمر بھرنہیں ہوسکتا۔لہٰذاکیسکواپنے تمام صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے پیاروں کی قیمتی زندگی کومحفوظ بنانے کیلئے ہمیشہ احتیاط کریں۔