نشترکالونی یوحنا آباد میں 8 سال کی بچی سے زیادتی کا ملزم گرفتار
- July 3, 2021, 5:30 pm
- National News
- 130 Views
لاہور: نشترکالونی یوحنا آباد میں 8 سال کی بچی سے زیادتی کا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال خان کے مطابق لاہور کے علاقے یوحنا آباد نشتر کالونی میں 8 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والا مبینہ ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم کو متاثرہ بچی کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کے مطابق گزشتہ روز متاثرہ بچی کے والد شہزاد مسیح نے تھانہ نشترکالونی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا، اور مؤقف پیش کیا تھا کہ اسکول کی ٹیچرز تہمینہ اور فرزانہ معاملے کو دبانے کی کوشش کررہی ہیں اور مجرم کو بھی بچایا جارہا ہے۔
شارق جمال خان نے بتایا کہ متاثرہ بچی کی میڈیل رپورٹ میں زیادتی ثابت ہوگئی ہے، اور بچی کی نشاندہی پر مشتبہ ملزم جوئیل خادم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم کا ڈی این اے کروا کر حقائق کی روشنی میں مقدمے کی تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ متاثرہ بچی سے زیادتی اس کے اسکول میں ہی کی گئی تھی، اور ملزم اورمتاثرہ بچی ایک ہی اسکول میں پڑھتے ہیں، بچوں سے زیادتی کے مرتکب افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور اس مقدمے میں بھی جو بھی مجرم ہوگا اس قرار واقعی سزا دی جائے گی۔