سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی طبعیت ناساز، آئی سی یو وارڈ منتقل کر دیا گیا
- June 25, 2021, 4:58 pm
- Political News
- 383 Views
سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی طبعیت ناساز، ڈاکٹرز نے مولانا فضل الرحمان کو آئی سی یو وارڈ منتقل کر دیا- تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان کو طبیعت ناساز ہونے پر مقامی اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔ ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمان کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج ہیں، انفیکشن کے باعث ان کا بخار نہیں ٹوٹ رہا۔
اسلم غوری کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے مولانا فضل الرحمان کو آئی سی یو میں رکھا ہے اور ان کے مختلف ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا ہے اور مولانا میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی ہے- ترجمان کے مطابق ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم مولانافضل الرحمان کے معائنے پر مامور ہے جس کی نگرانی میں علاج کیا جارہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان جماعتی دورے پر کراچی پہنچے تھے اور طبیعت نہ سنبھلنے پر انہیں اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق مرض کی تشخیص کے بعد علاج میں آسانی ہوگی۔ شبہ ہے کہ انھیں گردے اور مثانے کا انفیکشن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حتمی بات رپورٹس کے نتیجے کے بعد پتا چلے گی۔ ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم مولانا فضل الرحمان کے معائنہ پر مامور ہے۔