جوہر ٹاؤن دھماکہ ، زخمیوں کے جسم میں بال بیرنگ کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی

  • June 23, 2021, 5:27 pm
  • Breaking News
  • 126 Views

لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہوئے دھماکے کے نتیجے میں زخمیوں کے جسم میں بال بیرنگ کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر یحییٰ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں کے جسم میں بال بیرنگ موجود ہیں ، بال بیئرنگ کی ہی وجہ سے لوگ زخمی ہوئے ، زخمیوں میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہے ، حاملہ خاتون کی حالت تشویشناک ہے جس کی بناء پر اس کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 15 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں،جبکہ 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں ، سی سی پی او لاہور نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دھماکے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ 14 افراد زخمی ہو گئے ہیں ، ماہرین نوعیت کا جائزہ لے رہے ہیں ، ڈی آئی جی انویسٹیگیشن کے مطابق دھماکے کی جگہ پر گڑھا پڑ گیا ہے ، تحقیقات کے بعد دھماکے کی وجوہات سامنے آئیں گی،بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دئیے ہیں،پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے ، سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے،دھماکا گیس بھی ہو سکتا ہے،ماہرین دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگا رہے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں ہونے والے دھماکے کا نوٹس لے لیا ہے ، انہوں نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ تحقیقات کا بھی حکم دے دیا ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات دی جائیں ، انہوں نے زخمیوں کے علاج کے لیے تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ، عثمان بزدار نے جناح اور دیگر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کر دی۔