گھوٹکی ٹرین حادثہ: جاں بحق افراد کے لواحقین کیلیے 15لاکھ روپے کا اعلان
- June 7, 2021, 6:50 pm
- Breaking News
- 172 Views
پاکستان ریلوے نے گھوٹکی ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلیے 15لاکھ روپے کا اعلان کردیا ، ریلوے انتظامیہ نے متاثرین کے ہنگامی بنیادوں پر کوائف جمع کرنے شروع کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے انتظامیہ نے ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 15لاکھ روپے ادا کرے گا جبکہ زخمی مسافروں کو انجریزکے مطابق 50 ہزارسے 3 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ریلوے انتظامیہ نے ٹرین حادثہ کے متاثرین کے ہنگامی بنیادوں پر کوائف جمع کرنے شروع کر دیے ہیں ، متاثرین میں بہت جلد امدادی رقم کی فراہمی کاعمل بھی شروع کر دیا جائے گا۔
یاد رہے رات گئے گھوٹکی کے قریب کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس اور پنجاب سے کراچی جانے والی سر سید ایکسپریس آپس میں ٹکرا گئیں ، جس کے نتیجے میں 50 افراد جاں بحق جبکہ70 سے زائد زخمی ہو گئے۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے گھوٹکی کے قریب ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حادثے کی جامع تحقیقات کا حکم دے دیا اور وزیرریلوے اعظم سواتی کو زخمیوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانےکی ہدایت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سےمکمل تعاون کی ہدایت بھی کی ہے۔