بزنس ٹائیکون اور بحریہ ٹاؤن کے مالک نے آزادانہ تحقیقات کا سامنا کرنے کا اعلان کر دیا

  • June 7, 2021, 1:53 pm
  • National News
  • 247 Views

: بحریہ ٹاؤن کراچی میں مشتعل افراد کے حملے ، جلاؤ گھیراؤ اور ناجائز طریقے سے زمینوں پر قبضے کے خلاف اندرون سندھ کے شہریوں کےاحتجاج پر چئیرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے آزادانہ تحقیقات کا سامنا کرنے کا اعلان کر دیا۔ ملک ریاض نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کے رہائشیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
لوٹ مار کے بعد دکانوں کو بھی آگ لگائی گئی۔ انہوں نے مظاہرین کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے واقعہ میں اربوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ ملک ریاض نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن آزادانہ تحقیقات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔
اگر کوئی شخص قبضہ یا غیر قانونی کام ثابت کر دے تو بحریہ ٹاؤن ذمہ دار ہو گا۔

ملک ریاض نے مزید کہا کہ عدالت ، قانون اور مقتدر حلقوں کے سامنے آواز اُٹھائیں گے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز بحریہ ٹاؤن کراچی میں مشتعل افراد نے حملہ کیا اور جلاؤ گھیراوَ کے نتیجے میں بحریہ ٹاؤن کے اطراف حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے تھے۔ مظاہرین کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ زمینوں سے جبری بے دخلی کے معاملے پر پاکستان پپپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کو معاونت اور سرپرستی حاصل ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق رینجرز اور پولیس کی بھاری تعداد نے بحریہ ٹاؤن کے خلاف دھرنے کے لیے جانے والے قافلوں کو سعید آباد کے قریب ٹول پلازہ پر روک لیا، جس کے نتیجے میں شدید جھڑپیں ہوئیں اور سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ، بعد ازاں مظاہرین نے بحریہ ٹاؤن میں قائم پراپرٹیز، متعدد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو آگ لگا دی ، جبکہ مظاہرین کی جانب سے سڑک پر بھی ٹائر نذرآتش کیے جانے کے ساتھ ساتھ بحریہ ٹاؤن کے مرکزی دروازے کو بھی آگ لگا دی گئی تھی۔