گھوٹکی ٹرین حادثہ; پاک فوج بھی میدان میں آگئی، ریلیف وریسکیو آپریشن جاری
- June 7, 2021, 12:24 pm
- Breaking News
- 518 Views
گھوٹکی میں پیش آنے والے افسوسناک ٹرین حادثے میں پاک فوج بھی میدان میں آ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹرین حادثے کی جگہ پر ریلیف و ریسکیو سرگرمیاں جاری ہے، آرمی اوررینجرز کےجوان جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں، آرمی رینجرز کےجوان ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی انجینئرز کی خصوصی ٹیم ہیلی کاپٹر کے ذریعے راولپنڈی سےروانہ ہوگئی ، خصوصی انجینئیرز کی ٹیم امدادی کاموں کی رفتارمزید تیزکرے گی جبکہ زخمیوں کی مدد کے لیے ملٹری ڈاکٹرز، عملہ پنوعاقل سے جائے حادثہ پر ایمبولینسوں کے ساتھ پہنچ گیا ۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ملتان سے دو ہیلی کاپٹر زخمیوں کی منتقلی کے لیے روانہ ہوچکے ہیں ، جن کی مدد سے زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا ، علاوہ ازیں امدادی سامان بھی کچھ دیر میں جائےحادثہ پر پہنچا دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ رات گئے گھوٹکی اسٹیشن پر کراچی جانے والی سرسید ایکسپریس ٹریک پرموجود ملت ایکسپریس سے ٹکرا گئی تھی۔ ملت ایکسپریس کی بوگیاں الٹ کر دوسرے ٹریک پر جا گریں۔ مخالف سمت سے آنے والی سرسید ایکسپریس بوگیوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 35 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 50 افراد زخمی ہوئے، تاہم ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ترجمان ریلوے کے مطابق ٹرین حادثہ رات 3 بج کر 45 منٹ کے قریب ہوا، ملت ایکسپریس حادثے کے فوری بعد سرسید ایکسپریس ٹریک پر گری بوگیوں سے جاٹکرائی، ملت ایکسپریس کے ڈرائیور کو کمیونیکیشن سسٹم دستیاب ہے، سرسید ایکسپریس نے ولہار سٹیشن کو 3 بج کر 25 منٹ پر کراس کیا، ملت ایکسپریس نے ڈہرکی کو 3 بج کر 30 منٹ پر چھوڑا، ماچھی گوٹھ سے ڈہرکی تک ٹریک بوسیدہ اور مرمت کرنے والا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے گھوٹکی کے قریب ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کیااور ٹرین حادثے پر جامع تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے۔