اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید

  • June 4, 2021, 12:09 pm
  • Breaking News
  • 162 Views

اسلام آباد میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد آئی جے پرنسپل روڈ کے قریب مسلح ملزمان نے ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق شہید پولیس اہلکاروں میں بشیر اور اشتیاق شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ تھانہ شمس کالونی کی حدود میں پیش آیا، اہلکار ایگل فورس کا حصہ تھے اور موٹر سائیکل پر علاقے کی پیٹرولنگ پر مامور تھے۔

ایس پی فدا ستی کے مطابق دونوں اہل کاروں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

شیخ رشید نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔