سندھ میں کورونا ویکسی نیشن کے بغیر تنخواہ نہیں ملے گی

  • June 3, 2021, 4:10 pm
  • COVID-19
  • 130 Views

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کو تنخواہ نہیں ملے گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے کورونا ٹاسک فورس اجلاس کو بریفنگ دی۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ اس وقت 77 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں جن میں 74 کراچی میں ہیں۔ 2 جون کو سندھ میں 57 ہزار 514 کورونا ویکسین لگائی گئیں۔

صوبائی سیکرٹری صحت نے کہا کہ ابھی تک سندھ میں کورونا ویکسین کے 15 لاکھ 50 ہزار سے زائد ڈوز لگ چکی ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لوگوں کو شناختی کارڈ لے کر ویکسین لگوانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سند ھ میں کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے والے سرکاری ملازمین کو جولائی سے تنخواہ نہیں ملے گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ جو سرکاری ملازم ویکسین نہیں لگوائے گا اس کی جولائی سے تنخواہ بند کی جائے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پاکستان میں مزید 92 اموات اور 2 ہزار 28 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ نو تین فیصد رہی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 21 ہزار22 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 26 ہزار 695 ہے۔

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 53 ہزار 99 ہے اور 8 لاکھ 52 ہزار 574 افراد کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔