وائرس کا شبہ، مرغی کے گوشت کی قیمت میں ریکارڈ کمی
- May 31, 2021, 11:35 am
- Business News
- 194 Views
مرغی میں وائرس کا شبہ، ملک بھر میں عوام نے برائلر گوشت کھانا ہی چھوڑ دیا، مرغی کے گوشت کی قیمت میں ریکارڈ کمی آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور، کراچی، فیصل آباد سمیت ملک بھر میں عوام نے مرغی کے گوشت میں وائرس کے شبے پر گوشت کھانا ہی چھوڑ دیا، جس کی وجہ سے مرغی کے گوشت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کراچی میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمت میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے۔کراچی میں مرغی کا گوشت 480روپے کلو سے کم ہوکر 350روپے کردیا گیا ہے، شہر میں کلیجی اور پوٹے کے بغیر گوشت 350روپے میں فروخت ہورہا ہے۔قیمتیں کم ہونے کے باوحود مرغی کے گوشت کی خریداری میں شہریوں کی عدم دلچسپی برقرار ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں فروخت ہونے والی مرغیوں میں کرونا سے مماثلث رکھنے والی بیماری کا انکشاف ہوا ہے، جس میں مرغی کرونا جیسی علامات کا شکار ہو کر مرجاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق مرغیوں میں کرونا سے مماثلث رکھتی کوریزا نامی بیماری پھیل رہی ہے، اس بیماری سے متاثر ہونے والی مرغیوں کی حالت کرونا کے مریض کی طرح ہوتی ہیں، جس میں انہیں نزلہ، زکام، کمزوری اور اسے سانس لینے میں دشواری کا سامنا پڑ تا ہے۔ماہرین نے بتایا کہ اس بیماری کے انسانوں میں منتقل ہونے سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ کوریزا بیماری پھیلنے کے باعث کراچی کے بیشتر پولٹری فارم مالکان نے بند کردیئے ہیں۔
کنزیومر ایسوسی ایشن کے چیئرمین کوکب اقبال نے بتایا کہ یہ بیماری ایک دم پاکستان میں نہیں پھیلی بلکہ امریکا سمیت دیگر ممالک کی مرغیوں میں بھی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے جب پولٹری فارم مالکان اور ایسوسی ایشن مرغی کے گوشت کی قیمتیں از خود بڑھاتی ہے، تب برڈ فلو کی صورت میں قدرتی آفات آتی ہیں، جس کے بعد قیمتیں پندرہ روپے فی کلو تک پہنچ جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اس بیماری کے حوالے سے آگاہی پھیلائی اور عوام کو خبردار کیا تاکہ وہ محفوظ رہ سکیں، کوریزا کراچی سمیت پورے ملک کی مرغیوں میں پھیل چکی ہے۔کنزیومر ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے بتایا کہ کوریزا سے متاثرہ مرغی نڈھال ہوتی ہے اور وہ ایک ہی جگہ پر پڑے پڑے مر جاتی ہے، اکثر مرغی کے پکوان فروخت کرنے والے یہ مردہ مرغی خریدتے ہیں، اس لیے خدشہ ہے کہ ٹھنڈی مرغیوں کو فروخت کیا جارہا ہے۔