کوئٹہ،62 نشے کے عادی افراد کو حراست میں لیکر بحالی مرکز منتقل
- March 10, 2021, 4:46 pm
- National News
- 175 Views
کوئٹہ:اینٹی نارکوٹکس فورس اور کوئٹہ پولیس نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے وسط میں واقع سٹی نالے میں منشیات کے عادی افراد اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف مشترکہ آپریشن کے دوران 62 نشے کے عادی افراد کو حراست میں لیکر بحالی مرکز منتقل کرنے کے علاوہ 10 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرکے نالے میں قائم کی جانے والی تجاوزات جھونپڑی نما گھروں کو مسمار کرنے کے علاوہ نذر آتش کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز انٹی نارکوٹکس فورس اور کوئٹہ پولیس کی جانب سے کوئٹہ کے 3 تھانوں کے عملے کے ہمراہ سٹی نالے میں نشے کے عادی افراد اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا گیا اس دوران جناح روڈ، ریڈیو پاکستان، مشن روڈ سمیت دیگر مقامات سے 62 نشے کے عادی افراد کو حراست میں لیکر بحالی مرکز منتقل کیا گیا تاکہ ان کا علاج معالجہ کرکے انہیں معاشرے کا کار آمد فرد بنایا جاسکے۔ اس کے علاوہ آپریشن کے دوران 10 جرائم پیشہ عناصرکو بھی گرفتار کیا گیا اس کے علاوہ نالے میں قائم کی جانے والی جھونپڑی نما رہائش گاہوں، ٹھکانوں کو مسمار کرنے کے ساتھ ساتھ نذر آتش کردیا گیا جس کا مقصد سٹی نالے میں نشے کے عادی افراد کے لئے بنائی جانے والی سہولیات کو ختم کرنا تھا۔