الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم کابینہ اراکین کے بیانات پر دُکھ کا اظہار کر دیا

  • March 5, 2021, 3:07 pm
  • Political News
  • 120 Views

: الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے بیان پر دکھ ہوا ۔ آئین و قانون جس کی اجازت دیتا ہے وہی الیکشن کمیشن کا معیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ الیکشن آئین و قانون کے مطابق کروانے پر خدا کے شکر گزار ہیں۔ سینیٹ الیکشن خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہونے پر بھی خدا کے شکر گزار ہیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن نتائج کے بعد میڈیا کے ذریعے جو خیالات مشاہدے میں آئے اُس پر دکھ ہوا۔ بالخصوص وزیراعظم عمران خان کے خطاب اور کابینہ کے کچھ اراکین کے بیان پر دکھ ہوا۔ آئین اور قانون جس کی اجازت دیتا ہے وہی الیکشن کمیشن کا معیار ہے۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ کسی کے دباؤ میں آئے ہیں نہ آئندہ آئیں گے ۔
اگر فیصلوں پر اعتراض ہے تو آئینی راستہ اختیار کریں، ملکی اداروں کر کیچڑ نہ اچھالا جائے۔

کچھ تو احساس کریں ، اداروں کو کام کرنے دیا جائے۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق کسی کی خوشنودی کی خاطر آئین اور قانون میں ترمیم نہیں کر سکتے۔ الیکشن کمیشن سنتا سب کی ہے، کام آئین کے مطابق کرتا ہے۔ اور آزادانہ حیثیت میں بغیر کسی دباؤ کے فیصلے کرتا ہے تاکہ جمہوریت کو فروغ مل سکے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ آئین اور قانون کو نظر انداز نہیں کر سکتے ۔
یہ حیران کُن بات ہے کہ ایک ہی روز ایک ہی چھت کے نیچے ایک ہی الیکٹرول میں ایک ہی عملہ کی موجودگی میں جو ہار گئے وہ نامنظور ، جو جیت گئے وہ منظور، کیا یہ کُھلا تضاد نہیں؟ جبکہ باقی تمام صوبوں کے رزلٹ منظور۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ جن خیالات کا اظہار کیا گیا ہے وہ پارلیمنٹ سے منظور کروانے میں کیا امر مانع تھا جبکہ الیکشن کمیشن کا کام قانون سازی نہیں بلکہ قانون کی پاسبانی ہے۔
اگر اسی طرح آئینی اداروں کی تضحیک کی جاتی رہی تو یہ ان کی کمزوری کے مترادف ہے نا کہ الیکشن کمیشن کی۔الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ ہر سیاسی جماعت میں شکست تسلیم کرنے کا جذبہ ہونا چاہئیے۔اگر کہیں اختلاف ہے تو شواہد کے ساتھ آ کر بات کریں۔ آپ کی تجاویز سُن سکتے ہیں تو شکایات کیوں نہیں۔ الیکشن کمیشن انشاء اللہ خدا کے فضل و کرم سےاپنی آئینی ذمہ داریاں بخوبی قانون اور آئین کی بالادستی کے لیے احسن طریقے سے انجام دیتا رہے گا۔



اد رہے کہ گذشتہ روز قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کیا تھا۔ عمران خان نے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کرنے کے ساتھ سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی شکست کا ذمہ دار بھی الیکشن کمیشن کو ٹھہرایا اور کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا موقع دیا گیا جس کی وجہ سے حفیظ شیخ الیکشن ہار گئے۔
وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے بانٹنے کی ویڈیو کی تحقیقات کیوں نہیں کیں؟ ووٹ بیچنے والے مجرموں کو بچا لیا اور الیکشن کمیشن نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت آج اجلاس منعقد کیا گیا ، اجلاس میں وزیراعظم اور کابینہ اراکین کے الیکشن کمیشن سے متعلق بیانات کا بغور جائزہ لیا گیا ، اجلاس ختم ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کیا۔