چئیرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل حکومت کو ایک اور اپ سیٹ کا سامنا
- March 5, 2021, 3:05 pm
- Political News
- 251 Views
اسلام آباد (انفارمیشن ڈیسک) 12 مارچ کو چئیرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل حکومت کو ایک اور اور اپ سیٹ کا سامنا کرنا پڑے گا۔جماعت اسلامی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔24 نیوزکی رپورٹ کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سابق وزیراعظم اور نومنتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو ٹیلیفون کیا اور سینیٹ کا الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی،اس موقع پر سراج الحق نے یوسف رضا گیلانی کو چئیرمین سینیٹ کے الیکشن میں حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
دوسری جانب ایم کیو ایم نے بھی حکومت سے مطالبات کرنا شروع کر دئیے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایم کیوایم کی قیادت سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ، اس دوران صادق سنجرانی کی ایم کیوایم کنوینئر خالد مقبول صدیقی سے گفتگو ہوئی ، جس میں دونوں رہنماوَ ں نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب پر اظہار خیال کیا۔
صادق سنجرانی نے ایم کیوایم سے چیئرمین اور ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کے انتخاب میں حمایت کی درخواست کی ، جس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کی خواہش کا اظہار کیا ، جب کہ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان سےفروغ نسیم کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بنانے کی باضابطہ بات بھی کی جائے گی۔
ذرائع ایم کیو ایم کہتے ہیں کہ تحریک انصاف نے ہمیں 2 وزارتیں دینے کا کہا تھا ، امید ہے تحریک انصاف 2وزارتوں کا وعدہ پورا کرے گی۔ علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ کے انتخاب اور قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے رابطے شروع کردیے، اتحادیوں نے صادق سنجرانی کی حمایت کی یقین دہانی کرادی۔ وزیراعظم عمران خان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کو ٹیلی فون کیا ، اس دوران وزیراعظم نے پنجاب میں سینیٹ امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب کرانے پر پرویزالہٰی کا شکریہ ادا کیا ، اس دوران موجودہ سیاسی صورتحال اور اعتماد کا ووٹ لینے پر مشاورت ہوئی ، اسپیکر پرویز الہٰی نے کہا کہ بطور اتحادی آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔