کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث پی ایس ایل 6 ملتوی

  • March 4, 2021, 3:03 pm
  • Sports News
  • 535 Views

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث لیگ ملتوی کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل 6 میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث 20 فروری سے شروع ہونے والی لیگ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

پی سی بی اور ٹیم مالکان کے درمیان منعقدہ ورچوئل میٹنگ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 6 کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ پی سی بی اب فوری طور پر تمام 6 ٹیموں کے شرکاء کی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئسولیشن سہولیات کے لیے اقدامات کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر کمرشل بابرحامدسہ پہر تین بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں مزید تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ پریس کانفرنس روم میں محدود جگہ کے باعث ویڈیو کیمرہ پرسنز کو پریس کانفرس میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی تاہم پی سی بی اپنے یو ٹیوب چینل پر پریس کانفرنس کو لائیو اسٹریم کرے گا۔